ترک وزیراعظم کا ہر سال 15 جولائی کو یوم جمہوریہ منانے کا اعلان

باغیوں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے گا، ترک وزیراعظم بن علی یلدرم


ویب ڈیسک July 16, 2016
فوجی بغاوت کو کچلنے کے لئے لوگ ٹینکوں کے آگے لیٹ گئے، بن علی یلدرم. فوٹو: اے ایف پی

ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے فوج کے ایک گروہ کی جانب سے حکومت کا تختہ الٹنے کے واقعہ کو ملکی تاریخ پر سیاہ ترین دھبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ناکام بغاوت میں ملوث عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ 15 جولائی کی رات کو فوج کے ایک چھوٹے سے گروہ کی جانب سے بغاوت کی کوشش کی گئی جسے کچلنے کے لئے عوام نے اپنی زندگیاں داؤ پر لگا دیں، لوگ اپنے ملک اور جمہوریت کے لئے ٹینکوں کے آگے لیٹ گئے جب کہ فوجی اہلکاروں نے بھی جمہوریت کو بچانے کے لئے قربانیاں دیں، قربانیاں دینے والوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ترک وزیراعظم نے عوام سے قومی پرچم سڑکوں پر لہرانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 15 جولائی کو ہر سال یوم جمہوریت کے طور پر منایا جائے گا، عوام سے جمہوریت کی محبت کو نہیں چھینا جا سکتا۔

بن علی یلدرم کا کہنا تھا کہ فوجی بغاوت کے نتیجے میں مجموعی طور پر 161 افراد ہلاک اور 1440 زخمی ہوئے، شہریوں پر فائرنگ کرد باغیوں کے بصری گروپ نے کی، 2839 باغیوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے، باغیوں کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے گا اور انھیں سخت سزائیں دلوائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ترک فوج کے ایک چھوٹے سے باغی گروہ نے حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کی، گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے عوام پر فائرنگ کی گئی اور پارلیمنٹ و ایوان صدر کی عمارتوں پر بم حملے کئے گئے لیکن ترک صدر رجب طیب اردگان کی ایک اپیل پر لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور فوجی بغاوت کی کوشش ناکام بنادی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں