غربت شماری کا پائلٹ پروجیکٹ ہری پور سے شروع

آزمائشی مرحلے کیلیے 16اضلاع کاانتخاب،کام 6ماہ کے اندرمکمل کیاجائیگا


شبیر حسین July 17, 2016
آئندہ سال ملک گیرسروے کیلیے تیاریوں کوحتمی شکل دے دی،بی آئی ایس پی۔ فوٹو: فائل

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے آزمائشی بنیادوں پر خیبرپختونخوا کے ضلع ہری پور سے غربت شماری سروے کاآغاز کردیا ہے، پائلٹ فیز کے تحت 16اضلاع میں کام 6 ماہ کے دوران مکمل کیا جائے گا، دیگراضلاع میں بھی سروے کی سرگرمیوں کا جلد مرحلہ وار آغاز ہوگا۔

بی آئی ایس پی کے ذمے داران نے ''ایکسپریس'' کوبتایا کہ ابتدائی طور پر ہری پور میں ڈیسک اپروچ طریقہ کار کے تحت غربت شماری سروے شروع کیا گیا ہے، اس دوران بی آئی ایس پی کے نمائندے گھر گھر جانے کے بجائے مستحق خواتین خود ان مخصوص ڈیسک پر آکر تفصیلات جمع کرارہی ہیں جو بی آئی ایس پی کی جانب سے مخصوص کیے گئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام نے آئندہ سال کے آغاز سے ہی ملک گیر غربت شماری سروے کے لیے تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی ہے تاہم پائلٹ فیز کے تحت صوبہ پنجاب سے بہاولپور، لیہ، فیصل آباد اور چکوال، صوبہ سندھ سے سکھر، جیکب آباد اور ٹھٹھ، صوبہ خیبر پختونخوا سے ہری پور، چارسدہ اور لکی مروت، صوبہ بلوچستان سے نصیر آباد، قلعہ سیف اللٰہ اور کیچ،آزاد کمشیر سے میر پور،گلگت بلتستان سے گلگت جبکہ فاٹا سے مہمند ایجنسی میں غربت شماری سروے کیا جائے گا۔

ان 16 اضلاع میں سے 12 اضلاع میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نمائندے گھر گھر جاکر غربت شماری سروے کریں گے جبکہ 4 اضلاع سکھر، نصیر آباد، بہاولپور اور ہری پور میں ڈیسک اپروچ کے تحت غربت شماری کی جائے گی جہاں مستحق خواتین ان مخصوص ڈیسک پر آکر تفصیلات جمع کرائیں گی۔ انتظامیہ نے بتایا کہ ان 16 اضلاع میںابتدائی سروے مکمل ہونے کے بعد پرانے مستحقین کے لیے امدادی رقوم کا اجرا روک دیا جائے گا اور نئے مستحقین کو امدادی رقوم کی فراہمی شروع کی جائے گی۔

بی آئی ایس پی کے ذمے داراں نے بتایا کہ اس وقت بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 2 اہم منصوبے وسیلہ حق اور وسیلہ روزگار پروگرام بند کردیے گئے ہیں جبکہ وسیلہ تعلیم، وسیلہ صحت اور ماہانہ امداد کی فراہمی کا پروگرام جاری ہے۔ انھوں نے بتایا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے 2010 کے غربت شماری سروے میں سامنے آنے والی 77 لاکھ مستحق خواتین میں سے 52 لاکھ 90 ہزار مستحق خواتین مستفید ہورہی ہیں اور فی کس 4700 روپے سہ ماہی میں ادا کیے جارہے ہیں۔

وسیلہ تعلیم پروگرام کے تحت13 لاکھ 70 ہزار بچوں کے اسکولوں میں داخلے اور کلاس روم میں حاضری کو یقینی بنانے کے منصوبے پراب تک 59 کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ کیے گئے ہیں، اس پروگرام کے تحت ہر بچے کو ماہانہ 250 روپے ادا کیے جا رہے ہیں جبکہ وسیلہ روزگار پروگرام کے تحت ملک بھر میں 58 ہزار 528 افراد کو عملی تربیت دی جا چکی ہے۔ بی آئی ایس پی انتظامیہ نے بتایا کہ رواں مالی سال کے بجٹ میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کیلیے 115ارب روپے مختص کیے گئے جو گزشتہ مالی سال سے 13 ارب روپے زیادہ ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں