ایشین جونیئر ہاکی قومی ٹیم کی بنگلہ دیش روانگی سیکیورٹی سے مشروط

دہشت گردی کے واقعات اور پاکستان مخالف حکومت کی وجہ سے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو خطرات لاحق ہوں گے۔


Sports Reporter July 17, 2016
دہشت گردی کے واقعات اور پاکستان مخالف حکومت کی وجہ سے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو خطرات لاحق ہوں گے۔ فوٹو: فائل

وفاقی حکومت نے بنگلہ دیش میں ایشین ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام شیڈول انڈر18 ایشیا ہاکی کپ میں قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے بنگلہ دیشی حکومت کوتحریری طور پرآگاہ کردیا ہے۔

ایونٹ کے لیے منعقدہ تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے 100 کے قریب پلیئرز شریک ہیں، اتوار تک مختلف سیشنز میں پریکٹس اور ٹرائلز میچز کھلائے جائیں گے، جس کے بعد 18جولائی تک کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر کے ایک پول ترتیب دیا جائے گا۔ وزارت بین الصوبائی رابطہ امور کے باخبر ذرائع سے معلوم ہواکہ بنگلہ دیش میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات اور پاکستان مخالف حکومت کی وجہ سے قومی جونیئر ہاکی ٹیم کو خطرات لاحق ہوں گے۔

کھلاڑیوں کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کے بعد ہی قومی ٹیم بنگلہ دیش کا دورہ کرے گی، اس حوالے سے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیر اہتمام قومی جونیئرہاکی کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے نصیر بندہ ہاکی اسٹیڈیم اسلام آباد میں جاری ہے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے جنرل سیکریٹری سابق اولمپئن شہباز احمد نے نمائندہ ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں گے، ہمار ا مقصد ایونٹ میں قومی کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنا ہے، بنگلہ دیش کے ایونٹ کے لیے وزارت بین الصوبائی رابطہ امور اور وزارت خارجہ سے این او سی حاصل کیا جائے گا اس کے بعد قومی جونیئرہاکی ٹیم کوبنگلہ دیش بھیجا جائے گا۔

جونیئر ٹیم کے کوچ سابق اولمپئن کامران اشرف نے کہا کہ چوتھے ایشیا انڈر18بوائزہاکی کپ میں قومی جونیئر کھلاڑی شاندارکارکردگی کامظاہرہ کریںگے، فیڈریشن اور پاکستان اسپورٹس بورڈکی طرف سے نوجوان کھلاڑیوں کوہرقسم کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، تربیتی کیمپ میں ملک بھر سے 100کے قریب پلیئرز شریک ہیں، ہاکی فیڈریشن کی کوشش ہے کہ گراس روٹ لیول پر زیادہ سے زیادہ باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے آنے کے مواقع فراہم کیے جائیں۔

کھلاڑیوں کو اتوار تک مختلف سیشن میں پریکٹس اور ٹرائلز میچزکھلائے جائیں گے، 45 فارورڈ پلیئرز،21 ہاف بیکس، 13فل بیکس اور 14 گول کیپرز تربیتی سیشن میں شریک ہیں جس کے بعد 18جولائی تک کھلاڑیوں کو شارٹ لسٹ کر کے ان کا ایک پول ترتیب دیا جائے گا۔ انڈر18ایشیاہاکی کپ 15سے 25 ستمبر تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ ماضی میں بنگلہ دیشی حکومت نے پاکستان کے ٹیبل ٹینس اور بیڈ منٹن پلیئرز کو ویزے دینے سے انکار کردیا تھا۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں