ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشیں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ

موسلادھاربارشوں کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی جب کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ بھی ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات


ویب ڈیسک July 17, 2016
بعض مقامات پر موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی ، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا خدشہ ہے، محکمہ موسمیات : فوٹو : فائل

ملک کے مختلف حصوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث محکمہ موسمیات نے بعض مقامات پر لینڈ سلائڈنگ اور سیلابی صورت حال پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ، وسطی پنجاب ، خیبرپختون خوا ، گلگت بلتستان، کشمیر اور شمال مشرقی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بھی بارش ہوئی ہے جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔ حالیہ بارشوں نے ملک میں جاری شدید گرمی کی لہر کو جہاں کم کیا ہے وہیں بعض مقامات پر انتظامیہ کی مجرمانہ غفلت کی بدولت ابر رحمت باعث زحمت بھی بن گئی ہے۔ واسا حکام کی نااہلی کی وجہ سے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ پانی جمع ہوگیا ہے جب کہ سیکڑوں فیڈر ٹرپ ہوجانے سے بیشتر علاقوں میں کئی گھنٹے سے بجلی بھی معطل ہے۔ لاہور میں بارشوں کے باعث پیش آنے والے حادثات اور واقعات میں اب تک 5 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران پنجاب میں سب سے زیادہ بارش جھنگ میں ہوئی جہاں 71 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، اس کے علاوہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 63، گوجرانوالہ اور بھکر میں 42، لاہور میں 41، اوکاڑہ 23، لیہ 20، سرگودھا 15، راولپنڈی میں 8 جبکہ ساہیوال میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ خیبرپختون خوا میں سب سے زیادہ بارش ڈیرہ اسماعیل خان میں ہوئی جہاں 41 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ پارہ چنار میں 30، پشار میں 14 ، دیر اور چراٹ میں 12، مالم جبہ میں 10، کوہاٹ ، لوئر دیر اورکالام میں 05 ملی میٹر، سیدو شریف میں 2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔ بلوچستان میں سب سے زیادہ بارش بارکھان میں 56 ملی میٹر ، سبی میں 37 ، گلگت بلتستان کے ضلع چلاس میں 2 ملی میٹر جبکہ کشمیر میں گڑھی دوپٹہ میں 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

آئندہ 24 گھنٹوں میں وفاقی دارالحکومت اسلام کے علاوہ پنجاب کے بالائی اضلاع لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں اکثر مقامات پر بارش برسنے کا امکان ہے جبکہ خیبرپختون خوا کے شہروں مالاکنڈ ، ہزارہ ڈویژن ، مردان ، کوہاٹ، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ پنجاب کے وسطی اور جنوبی شہروں فیصل آباد، ملتان ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان جبکہ شمال مشرقی بلوچستان کے اضلاع ژوب ، سبی اور نصیر آباد میں کہیں کہیں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے اور اس دوران بالائی علاقوں میں چند مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہوسکتی ہے۔ جس کے باعث برساتی ندی نالوں میں طغیانی ، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور شہری علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں