’’گریٹ گرینڈ مستی‘‘ آن لائن لیک ہونے پرفلم میں شامل اسٹارز روپڑے

فلموں کی ریلیز سے قبل ہی آن لائن چوری کا سلسلہ روکا جائے،فلمی ستاروں کا حکومت سے مطالبہ

فلموں کی ریلیز سے قبل ہی آن لائن چوری کا سلسلہ روکا جائے،فلمی ستاروں کا حکومت سے مطالبہ

بالی ووڈ اداکارہ عرواشی روتیلا اپنی فلم ''گریٹ گرینڈ مستی'' مقررہ تاریخ سے قبل ہی آن لائن پر لیک ہونے پر جذباتی ہوکر زاروقطار رو پڑیں جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ میں شامل اداکار بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے۔



بھارتی فلم نگری میں مقررہ تاریخ سے قبل فلمیں انٹر نیٹ پر آن لائن لیک ہورہی ہیں جس کے باعث فلموں کے کاروبار پر بھی منفی اثر پڑتا ہے جب کہ فلم ''اڑتا پنجاب'' اور ''سلطان'' بھی اپنی مقررہ تاریخ سے قبل ہی آن لائن لیک ہوگئی تھیں تاہم اس کے باوجود دونوں فلموں کے بزنس پر کوئی اثر نہیں پڑا لیکن اب ایک اور فلم مقررہ وقت سے پہلی ہی لیک ہوگئی ہے جس پر فلم میں مرکزی کردار ادا کرنے والی اداکارہ عرواشی روتیلا زارو قطار رو پڑیں جب کہ فلم کی دیگر کاسٹ بھی اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکی۔




بالی ووڈ کی 2 روز قبل ریلیز ہونے والی فلم ''گریٹ گرینڈ مستی'' 22 روز قبل ہی انٹر نیٹ پر لیک ہوگئی تھی جس پرفلم کی پوری کاسٹ نے ناراضگی کا اظہار کیا یہی نہیں پریس کانفرنس کے دوران خوبرو اداکارہ عرواشی روتیلا فلم لیک ہونے پراپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور زارو قطار روپڑیں جب کہ فلم میں شامل دیگر اداکار ویویک اوبرائے اور آفتاب شیوداسانی بھی پریس کانفرنس کے دوران روپڑے۔



اداکارہ عرواشی روتیلا کا کہنا تھا کہ فلم میں اپنے کردار میں ڈھلنے کے لیے انتھک محنت کی تھی جس کے بعد فلم کی پروموشن کے لیے پوری ٹیم نے منصوبہ بندی کررکھی تھی لیکن فلم کے لیک ہوجانے کے بعد ہم فلم کی تشہیر ہی نہیں کرسکے کیوں کہ جب لوگوں نے آکر کہا کہ وہ فلم دیکھ چکے ہیں اور انہیں ان کا کردار بہت پسند آیا ہے تو سمجھ نہیں آیا کہ اس پر رویا جائے یا ہنسا جائے تاہم اس پر بہت افسوس ہوا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فلموں کی ریلیز سے قبل ہی آن لائن چوری کا سلسلہ روکا جائے تاکہ آئندہ کسی اداکار یا پروڈیوسر کی دل آزاری نہ ہو۔



واضح رہے کہ فلم ''گریٹ گرینڈ مستی'' میں رتیش دیش مکھ ، ویوک اوبرائے، آفتاب شیوداسانی اور عرواشی روتیلا نے مرکزی کردار ادا کیا ہے جب کہ فلم 15 جولائی کو نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے جس نے 2 دن میں 5 کروڑ کا بزنس کرلیا ہے۔
Load Next Story