ایدھی صاحب کے اعزاز میں سکے کا اجرا

ایدھی رنگ، نسل، عقیدے کی تفریق سے بالاتر ہو کر ناداروں، یتیموں، بیواؤں اور محروم طبقے کی خدمت کرتے تھے


Editorial July 18, 2016
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے عبدالستار ایدھی کی یاد میں پچاس روپے کا سکہ جاری کرنا اچھی بات ہے : فوٹو: فائل

پاک فوج کے لیے شاعر نے لکھا تھا ''اپنی جاں نذر کروں، اپنی وفا پیش کروں'' یہی جذبہ جناب عبدالستار ایدھی کے لیے بھی قوم محسوس کرتی ہے جس کے اظہار کے طور پر بینک دولت پاکستان (ایس بی پی) کے گورنر اشرف محمود وتھرا نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک عبدالستار ایدھی کی یاد میں 50روپے کا سکہ جاری کرے گا جو پاکستانی قوم کی جانب سے اپنے محسن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کی ایک چھوٹی سی کاوش ہے۔

گورنر اسٹیٹ بینک مرحوم عبدالستار ایدھی کے لیے کراچی میں منعقد ہونے والی دعائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ایدھی رنگ، نسل، عقیدے کی تفریق سے بالاتر ہو کر ناداروں، یتیموں، بیواؤں اور محروم طبقے کی خدمت کرتے تھے اور خدمتِ خلق کوئی معمولی کام نہیں ہے اگرچہ بہت سی دیگر شخصیات اور ادارے بھی خدمتِ خلق کا کام کر رہے ہیں لیکن ایدھی صاحب اس لیے ممتاز مقام رکھتے ہیں کہ انھوں نے اپنی خدمات کا دائرہ پھیلانے اور نیٹ ورک چلانے کے لیے ہمیشہ عام افراد سے عطیات پر ہی انحصار کیا۔ بلاشبہ ایدھی صاحب نے جو کام کیا ہے۔

اس کا اعتراف قومی سطح پر کیا جانا چاہیے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے عبدالستار ایدھی کی یاد میں پچاس روپے کا سکہ جاری کرنا اچھی بات ہے تاہم حکومت کو اس حوالے سے مزید اقدامات کرنے چاہئیں، سندھ حکومت کو چاہیے کہ وہ عبدالستار ایدھی کے مشن کی روح کو سمجھتے ہوئے سرکاری اسپتالوں، ڈسپنسریوں، دارالامان، یتیم خانوں اور سوشل ویلفیئر سے وابستہ سرکاری اداروں کی کارکردگی اور حالت کو بہتر بنائے، عبدالستار ایدھی کے نام پر یونیورسٹی اور میڈیکل کالج بنایا جائے جہاں طلباء کو جدید علوم کے ساتھ ساتھ دکھی انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے رضاکارانہ سرگرمیوں کی تربیت بھی دی جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں