رمضان المبارک ترجمہ و تفسیر کے حامل قرآن پاک کے نسخوں کی طلب میں اضافہ

یہ نسخے ارزاں ہوتے ہیں جو15اور16سطروں کے صفحات پر مشتمل ہوتے ہیں، مارکیٹ میں الیکٹرانک اسمارٹ قرآن بھی دستیاب ہیں


ایکسپریس July 22, 2012
رمضان المبارک میں دیگر مہینوں کی نسبت قرآن پاک کی مان بڑھ جاتی ہے۔ فوٹو:فائل

پاکستان میں ماہ رمضان المبارک کے دوران قرآن پاک کی تلاوت اور ختم قرآن کی ہمیشہ سے قائم روایتوں اور رحجان کے باعث سال کے دیگر مہینوں کی نسبت قرآن پاک کے نسخوں کی طلب میں اضافہ ہوجاتا ہے تاہم چند سال قبل تک ماہ رمضان المبارک کے دوران قرآن پاک کے نسخوں کی طلب8 تا 10 گنا بڑھ جاتی تھی لیکن قوت خرید متاثر ہونے ، بڑھتے ہوئے ہدیے اور کیسٹس، سی ڈیز ودیگر الیکٹرانک آلات کے ذریعے قرآن پاک کی تلاوت سننے کے رحجان کی وجہ سے ماہ رمضان المبارک کے دوران قرآن پاک کے نسخوں کی طلب50 فیصد گھٹ گئی ہے۔

''ایکسپریس'' سروے کے دوران معلوم ہوا ہے کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران 15 اور16 سطروں پر مشتمل صفحات کے بغیر ترجمے کے حامل یک رنگہ لیمینیٹڈ قرآن پاک کے نسخوں کی طلب سرفہرست ہوتی ہے کیونکہ یہ دیگر نسخوں کے مقابلے بلحاظ ہدیہ ارزاں ہیں، قرآن پاک کی اشاعت کنندہ ادارے مکتبہ رشیدیہ کے سربراہ حافظ تنویر احمد شریفی نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ ماہ رمضان المبارک کے دوران انفرادی نوعیت کے طلبگاروں کی جانب سے بھی قرآن پاک کے نسخوں کی طلب بڑھتی ہے۔

لیکن اس کی نسبت ان افراد کی جانب سے طلب زیادہ ہوتی ہے جو مختلف مساجد اور مدارس میں قرآن پاک کے نسخے عطیہ کرتے ہیں لیکن یہ نسخے بلحاظ ہدیہ ارزاں ہوتے ہیں جو باالعموم15اور16سطروں پر مشتمل صفحات پر کے حامل ہوتے ہیں، اسکے برعکس11،13 ، 17اور 18 سطروں پر مشتمل صفحات کے حامل قرآن پاک کے نسخے کی طلب کم ہوتی ہے جو صرف انفرادی نوعیت کے طلبگار حاصل کرتے ہیں، انھوں نے بتایا کہ مدارس میں تقسیم کی غرض سے حاصل کیے جانے والے قرآن پاک کا ہدیہ150 تا350 روپے کے درمیان ہوتا ہے جبکہ مساجد کیلیے 300روپے ہدیے کے حامل قرآن پاک کے نسخے حاصل کیے جاتے ہیں،

تنویر شریفی نے بتایا کہ اب قرآن پاک کو باقاعدگی سے پڑھنے کے بجائے لوگ سننے کو ترجیح دینے لگے ہیں، انھوں نے بتایا کہ مارکیٹ میں چین کے تیار کردہ ''احسن الکلام'' کے نام سے8جی بی میموری کا حامل الیکٹرانک اسمارٹ قرآن ٹیچرکا ایک نسخہ بھی دستیاب ہے جسے مخصوص الیکٹرانک قلم کے ذریعے کسی بھی عرب قاری کی آواز میں سطروں پر رکھ کر ترجمہ یا بغیرترجمے سنا جاسکتا ہے تاہم الیکٹرانک قرآن پاک کا یہ نسخہ بلحاظ ہدیہ انتہائی مہنگا ہے،

ماہ رمضان المبارک کے دوران ترجمہ اور تفسیر کے حامل قرآن پاک کے نسخوں کی بھی طلب میں دوگنا اضافہ ہوجاتا ہے جبکہ قرآن پاک کے30سپاروں کے سیٹس اور منزل سیٹس کی طلب بھی بڑھ جاتی ہے، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے بتایا کہ ملک میں مستند و معیاری قرآن پاک کے نسخوں کی طباعت کرنے والے اداروں میں تاج کمپنی، شفیق پریس، بیت القرآن، پاک کمپنی، حافظ کمپنی، قدرت اﷲ کمپنی، دارالفکر، اقبال کمپنی سرفہرست ہیں جبکہ مکتب البشریٰ قرآن پاک کی طباعت کا واحد ادارہ ہے جو بغیر نفع نقصان کی بنیاد پر قرآن پاک مارکیٹ میں فراہم کررہا ہے،

ایک سوال کے جواب میں تنویر شریفی نے بتایا کہ ماضی کی طرح اب ماہ رمضان المبارک کے دوران قرآن پاک کے نسخے بطور تحفہ دینے کی روایت ختم ہوگئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |