لیگ اسپنر یاسر شاہ دنیا کے نمبر ون بولر بن گئے

یاسر شاہ مشتاق احمد کے بعد پہلے پاکستانی لیگ اسپنر ہیں جنہوں نے آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی ہے۔

لیگ اسپنر نے بھارتی بولر روی چندرن ایشون اور انگلش فاسٹ بولرجیمنز انڈریسن کو پیچھے چھوڑ دیا۔ فوٹو: اے ایف پی

KALAM:
قومی ٹیم کے لیگ اسپنر یاسر شاہ انگلینڈ کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کرنے کے بعد آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ٹاپ بولر بن گئے۔

آئی سی سی نے کھلاڑیوں کی نئی رینکنگ جاری کردی جس کے مطابق یاسر شاہ نے 32 پوائنٹس حاصل کرنے کے بعد ٹاپ رینکر بھارتی بولر روی چندرن ایشون، رینکنگ میں دوسرے نمبر پر موجود انگلش فاسٹ بولر جیمس انڈریسن اور تیسرے نمبر پر براجمان اسٹارٹ براڈ کو پیچھے چھوڑ کر پہلی پوزیشن پر قبضہ جما لیا۔ یاسرشاہ مشتاق احمد کے بعد واحد پاکستانی بولر ہیں جنہوں نے آئی سی سی رینکنگ میں نمبر ون پوزیشن حاصل کی جب کہ سابق پاکستانی لیگ اسپنر اور قومی ٹیم کے موجودہ بولنگ کوچ مشتاق احمد نے دسمبر 1996 میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی۔

آئی سی سی رینکنگ میں یاسر شاہ اس وقت 878 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں جبکہ بھارتی اسپن بولر روی چندرن ایشون 7 پوائنٹس کے فرق سے 871 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، انگلش فاسٹ بولر جیمز انڈریسن 868 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے، اسٹارٹ براڈ 859 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر ڈیل اسٹین 841 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔


یاسر شاہ اب تک 13 ٹیسٹ میچز میں 86 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں جب کہ آئی سی سی فل رینکنگ حاصل کرنے کے لئے کسی بھی کھلاڑی کو 100 وکٹیں لینا ہوتی ہیں جب کہ یاسر شاہ نے کم میچز میں زیادہ وکٹیں حاصل کرکے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے۔

انگلینڈ کے خلاف 4 وکٹیں حاصل کرنے والے راحت علی نے بھی 3 درجہ ترقی پاکر 32ویں پوزیشن حاصل کی جب کہ 6 سال تک کرکٹ سے دور رہنے والے محمد عامر 93ویں پوزیشن پر براجمان ہیں۔کپتان مصباح الحق اپنی سنچری کے باعث 10 ویں سے نویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ سرفراز احمد 17 ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔ اسی طرح اسد شفیق نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 73 اور دوسری اننگز میں 49 رنز کی اننگز کھیلی جس کے بعد انہوں نے 2 درجہ ترقی پا کر بیٹسمینوں کی فہرست میں گیارہویں پوزیشن پر قبضہ جمالیا ہے۔

Load Next Story