سجل علی نے بالی ووڈ فلم کی پیشکش قبول کرلی

ہمسایہ ملک کی فلم کی کہانی اور میراکردار بہت مضبوط ہے ،یہ میرے چاہنے والوں کے لیے سرپرائز ہوگی، اداکارہ

دلوں کو چھونے والے کردار کرناچاہتی ہوں،عیدالاضحیٰ پر ریلیزہونیوالی پاکستانی فلم میں الگ انداز میں دکھائی دوں گی،سجل علی فوٹو : فائل

MULTAN:
معروف اداکارہ وماڈل سجل علی نے کہا ہے کہ ناظرین کی بڑی تعداد صرف انھی فنکاروں کویاد رکھتی ہے جو معمول سے ہٹ کرکام کرتے ہوں۔ خوش قسمتی سے مجھے ایسے کردارملے جن کوحقیقت کے قریب ترنبھانے کا زبردست رسپانس ملا۔

اداکارہ نے کہا کہ ایک طرف توپرستاروں کی فہرست بننے لگی اوردوسری جانب پرائیویٹ پروڈکشنز کی جانب سے اہم کرداروں کی آفرزبھی ہونے لگی۔ صرف تین برس کے عرصہ میں، میں نے وہ کردار ادا کیے ہیں جن کولوگ برسوں یادرکھیں گے، سلور اسکرین پربھی اپنے چاہنے والوں کی توقعات پرپورااتروں گی۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے '' ایکسپریس '' سے بات کرتے ہوئے کیا۔ سجل علی نے کہا کہ ہمارے پڑوسی ملک بھارت کے کچھ معروف فلم میکراداروں نے بھی مجھ سے رابطہ کیا ہے لیکن زیادہ ترپروجیکٹس بولڈ تھے جس کی وجہ سے ان آفرزکوقبول نہیں کیا مگربالی ووڈ کی ایک فلم جوکہانی اورمیرے کردارکے حوالے سے بہت مضبوط اورمنفرد ہے کو سائن کرلیا ہے اور یہ فلم میرے چاہنے والوں کے لیے سرپرائز ہوگی۔


انھوں نے کہا کہ پاکستان میں بھی ایک فلم سائن کی تھی جس کی نمائش عیدالاضحی پرممکن ہے۔ اس فلم میں بھی میں ایک الگ انداز کے ساتھ دکھائی دونگی۔ میں چاہتی ہوں کہ اپنے فنی سفرکے دوران ایسے کرداراداکرتی رہوں ، جولوگوں کے دلوں کو چھوجائیں۔ میں نے اب تک جہاں ڈراموں میں بہت سے مثبت کردارنبھائے ہیں، وہیں منفی کردارنبھانے پرجو رسپانس سامنے آیا اس پربے حد خوشی ہوئی، یہی نہیں بہت سے سینئرفنکاروں نے مجھے داد دیتے ہوئے کہا کہ منفی کردارکرنا سب سے مشکل کام ہے ۔ میں سمجھتی ہوں کہ یہ سب میری فیملی کی مکمل سپورٹ کا نتیجہ ہے کہ میں آج اس انڈسٹری میں کام کررہی ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اگرمجھے فیملی کی طرف سے سپورٹ نہ ملتی تویقیناً میں اس طرح سے کبھی کام نہ کرپاتی۔ ایک سوال کے جواب میں سجل علی نے کہا کہ کمرشل فلموںمیں بھی کام کرنا چاہتی ہوں لیکن مجھے آرٹ فلموں میں کام کرنے کا موقع ملا تو اپنی فنکارانہ صلاحیتوں سے کردارمیں حقیقت کا رنگ بھرنا میری اولین ترجیح ہوگی۔
Load Next Story