مانچسٹر ٹیسٹ انگلینڈ کو عادل رشید کی یاد آگئی

 یاسرشاہ کا توڑ کرنے کیلیے میزبان ٹیم نے14 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنالیا


Sports Desk July 19, 2016
پیسرز جیمز اینڈرسن اور بین اسٹوکس کی واپسی، معین علی کی چھٹی کا خطرہ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD: مانچسٹرٹیسٹ کیلیے انگلینڈ کو لیگ اسپنر عادل رشید کی یاد آگئی، انھیں پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ کیلیے توسیع شدہ 14 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنالیاگیا، انھیں لارڈز میں کامیاب رہنے والے پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کا توڑ کرنے کیلیے سامنا لایا جاسکتا ہے، فٹنس مسائل سے نجات پاکر جیمز اینڈرسن اور بین اسٹوکس واپس لوٹ آئے ہیں، اگلے مقابلے میں معین علی کو باہر بٹھایا جاسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے ہاتھوں لارڈز ٹیسٹ میں 75 رنز کی شکست کے بعد انگلینڈ نے اپنے اسکواڈ کو 12 سے 14 کھلاڑیوں تک توسیع دے دی ہے۔ لارڈز میں یاسرشاہ کی لیگ اسپن بولنگ کے ہاتھوں چوٹ کھانے کے بعد انگلش ٹیم بھی مقابلے میں اپنا لیگ اسپنر میدان میں اتارنے کو تیار ہے، اس مقصد کے لیے عادل رشید کو اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے، ہوسکتا ہے کہ میزبان ٹیم ایک ساتھ دو اسپنرز میدان میں اتارے تاہم معین علی کو باہر بیٹھانے کا آپشن بھی موجود ہے جوکہ گذشتہ ٹیسٹ میں نہ صرف ناکام رہے بلکہ رواں برس سات ٹیسٹ میچز میں ان کی بولنگ ایوریج 92 رہی ہے۔ اسی طرح انجریز کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ سے غیرحاضر رہنے والے جیمز اینڈرسن اور بین اسٹوکس کی بھی واپسی ہوئی ہے۔

ان کے متبادل کے طور پر لارڈز کے اسکواڈ میںطلب کیے جانے والے مڈل سیکس کے سیمر ٹوبے رولینڈ جونز کی جگہ نہیں بن پائی جبکہ چار ٹیسٹ میچز میں بیٹ کے ساتھ صرف 18.66 کی اوسط کے باوجود جیمز ونس کو برقرار رکھا گیا ہے۔ دوسرا ٹیسٹ اولڈ ٹریفورڈ میں جمعے سے شروع ہوگا۔ انگلش اسکواڈ میں کپتان الیسٹرکک، الیکس ہیلز، جوئے روٹ، جیمز ونس، گیری بیلنس، بین اسٹوکس، جونی بیئراسٹو، معین علی، عادل رشید، کرس ووئکس، اسٹورٹ براڈ، جیمز اینڈرسن، اسٹیون فن اور جیک بال شامل ہیں۔واضح رہے کہ دونوں ممالک میں 4 میچز کی سیریز کا دوسرا ٹیسٹ جمعے سے مانچسٹر میں شروع ہوگا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں