سندھ میں رینجرز کے اختیارات کی توسیع میں تاخیر پر چوہدری نثار کی تشویش

رینجرزکے خصوصی اختیارات میں توسیع میں تاخیر سے سول آرمڈ فورسز کی کارکردگی پر منفی اثرات ہوسکتے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ


ویب ڈیسک July 19, 2016
رینجرزکے خصوصی اختیارات میں توسیع میں تاخیر سے سول آرمڈ فورسز کی کارکردگی پر منفی اثرات ہوسکتے ہیں، وفاقی وزیر داخلہ، فوٹو؛ فائل

وفاقی وزیر داخلہ نے سندھ میں رینجرز کے قیام اورانہیں تفویض کردہ خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ سندھ میں امن و امان کی بحالی میں رینجرز نے کلیدی کردارادا کیا ہے لیکن سندھ حکومت نے رینجرز کو تفویض کردہ اختیارات میں توسیع کے معاملے پر ہر بار تاخیر کی، رینجرز کو اختیارات دینے میں تاخیر آپریشن کو متاثر کرے گی اور اس سے سول آرمڈ فورسز کی کارکردگی پر بھی منفی اثرات ہوسکتے ہیں، اس لئے وزیر اعلیٰ سندھ اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے رینجرز کے خصوصی اختیارات میں توسیع کردیں۔

دوسری جانب وزیرداخلہ چوہدری نثار علی کا کہنا تھا کہ رینجرز نے جانوں کی پروا کیے بغیر کراچی میں امن عامہ کی صورتحال بہتر بنائی لہذا رینجرز کی محنت اور کاوشوں کو کسی صورت ضائع نہیں ہونے دیا جائے جب کہ رینجرز اختیارات کی توسیع پر وفاقی حکومت اپنا آئینی و قانونی کردار ادا کرتی رہیں گی۔

یہ خبر بھی پڑھیے: سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت آج ختم ہوجائے گی

واضح رہے کہ سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت آج رات 12 ختم ہورہی ہے، محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے اس میں توسیع کی سمری وزیر اعلیٰ سندھ کے دفتر میں موجود ہے لیکن انہوں نے اس کی منظوری نہیں دی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں