ڈیرہ غازی خان میں ’’غیرت کے نام‘‘ پر نوجوان قتل

24 سالہ نوجوان کو خاتون سے ناجائز تعلقات کی بنا پر قتل کیا گیا، رپورٹ


ویب ڈیسک July 19, 2016
24 سالہ نوجوان کو خاتون سے ناجائز تعلقات کی بنا پر قتل کیا گیا، رپورٹ، فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD: پاکستان میں ''غیرت کے نام پر قتل'' کے ایک انوکھے واقعے میں شادی شدہ خاتون سے تعلقات رکھنے پر نوجوان کو قتل کردیا گیا۔

پاکستان کے طول وعرض میں سالانہ سیکڑوں خواتین کو ''غیرت کے نام پر'' بے رحمی سے موت کے گھاٹ اتارا جاتا ہے لیکن اب غیرت کے نام پر قتل کے واقعے میں ایک نوجوان کو نشانہ بنایا گیا ہے جو قندیل بلوچ کے قتل کے چند روز بعد ہی رونما ہوا۔

ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان میں 24 سالہ اللہ دتہ نامی نوجوان کو 5 افراد نے چھریوں کے وار کرکے اس وقت قتل کردیا۔ رپورٹ کے مطابق نوجوان کو مبینہ طور پر شادی شدہ خاتون کے ساتھ ناجائز تعلقات کی بنا پر قتل کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: قندیل بلوچ کو نشہ آور دوا دے کر گلا دبا کر قتل کیا، بھائی کا اعترافی بیان

مقامی پولیس افسر نے بتایا کہ مقتول اللہ دتہ اپنی مبینہ محبوبہ کے دیور کے ساتھ کام کرتا تھا اور اسی کے ذریعے اس نے خاتون سے تعلقات بڑھانا شروع کیے پھر دونوں فرار ہوگئے لیکن مقامی جرگے کی مداخلت پر خاتون 2 ہفتوں بعد گھر لوٹ آئی جس کے بعد نوجوان کو غیرت کے نام پر قتل کردیا گیا تاہم خاتون کو کسی قسم کا کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا۔

پولیس کے مطابق اللہ دتہ کو قتل کرنے کے عمل میں اس کے ہونٹ ، ناک اور بازوؤں کو کاٹا گیا۔ پولیس کا کہنا ہےکہ واقعہ میں ملوث ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ماڈل قندیل بلوچ بھی غیرت کے نام پر قتل کیا گیا جس کا اعتراف مقتولہ کے بھائی نے میڈیا کے سامنے بھی کیا۔ قندیل بلوچ کے قتل کے بعد پاکستان میں ''غیرت کے نام پر قتل'' کی شدید مذمت کی جارہی ہے اور سخت اقدامات اور قانون سازی کا تقاضہ کیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں