جیکولین فلم ’’ریس ٹو‘‘ میں جنگجو حسینہ کا کردار نبھانے کیلئے تیار

تلواروں اور چاقوئوں سے لڑائی کرنے کی مہارت حاصل کرنے کیلیے دو ویت نامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں۔


Showbiz Desk November 30, 2012
ریس2 کی کہانی دلچسپ ہے، سینیئرز سے سیکھتی رہتی ہوں،جیکولین فرننڈس ۔ فوٹو : فائل

بالی وڈ اداکارہ جیکولین فرننڈس نے کہا ہے کہ نئی فلم میں منفرد کردار ہوگا ۔تلوار چلانے والی جنگجو حسینہ کا کردار نبھاتی ہوئی نظر آؤں گی۔

27سالہ اداکارہ کا کہنا ہے کہ فلم'' ریس''کے سیکوئل میں اہم کردار ملا اور اس پر بڑی محنت کی ہے۔اداکاری کے شعبے میں فنکارکو مسلسل سیکھنے کے مواقع ملتے رہتے ہیں اور میری یہ کوشش ہوتی ہے کہ اپنے سینئرز سے سیکھ لوں۔ انھوں نے کہا کہ فلم کی کہانی بڑی دلچسپ ہے ۔اس پر بہت محنت کی گئی ہے یہی سبب ہے کہ اس فلم کا لوگ شدت سے انتظار کررہے ہیں۔

فلمساز رامیش ایس تورانی کی فلم کے ہدایت کار عباس، مستان ہیں، اس ہدایتکار جوڑی نے بڑی خوبی سے اس کہانی کو فلمایا ہے۔اس میں انیل کپور ، سیف علی خان اورامیشا پاٹیل اہم کردار نبھارہے ہیں۔یہ کہانی شیراز احمد نے لکھی ہے اور میوزک پریتم نے تیار کیا ہے ۔انھوں نے کہا کہ شائقین کو اس فلم کی کہانی پسند آئے گی ۔ واضح رہے کہ اداکارہ سیف علی خان کے ساتھ ایک نئے روپ میں جلوہ گرہونے کیلیے تیار ہیں،یہ فلم ہندی،اردو اور انگریزی زبان میں ریلیز کی جارہی ہے ۔

فلم آیندہ سال 25جنوری کو سینمائوں کی زینت بنائی جارہی ہے ۔اداکارہ جیکولین فرننڈس نے بتایا کہ تلواروں اور چاقوئوں سے لڑائی کرنے کی مہارت حاصل کرنے کیلیے دو ویت نامی ماہرین کی خدمات حاصل کی گئیں ۔انھوں نے کہا کہ فلم ''ریس ٹو''میںاپنے کردار سے مطمئن ہوں اور امید ہے میرا یہ نیا انداز پرستاروں کو بھی ضرور پسند آئے گا۔ اداکارہ کے مطابق نئی فلموں کی آفرز ہیں اور انھوں نے کام کرنے کیلیے کچھ مہلت بھی مانگ رکھی ہے جونہی کچھ فراغت ملے گی تو نئی فلم کی شوٹنگ کا بھی آغاز کیا جائے گا ۔ادھر فلم کے ہدایتکار عباس،مستان نے کہا کہ نئی فلم ''ریس ٹو ''میں اداکارہ جیکولین فرننڈس نے اپنا کردار خوبی سے نبھایا ہے۔

 

ان کی پرفارمنس سے بہت خوش ہیں اور انھوں نے اپنے کام کو بہتر بنایا ہے ۔انھوں نے کہا کہ ویتنام سے بلائے گئے ماہرین سے بھی جیکولین نے خصوصی تربیت حاصل کی ہے ۔اس فلم کی ڈیمانڈ کے مطابق جیکولین کی پرفارمنس زبردست رہی ہے۔ہدایتکارجوڑی کا کہنا ہے جیکولین فرننڈس بااعتماد اور با صلاحیت فنکارہ ہے۔ واضح رہے کہ 2جون 1985ء کو پیدا ہونے والی سری لنکا کی اداکارہ تین سال کی عمر میں والدین کے ساتھ بحرین چلی گئیں اور پھر کالج کی تعلیم کیلیے آسٹریلیا کا رخ کیا۔جیکو لین نے تعلیم مکمل کرنے کے بعدسری لنکا واپسی کا فیصلہ کیا جہاں جاکر ماڈلنگ سے عملی زندگی کا آغاز کردیا ۔

جیکو لین نے سری لنکا ہی میں ٹی وی ڈرامہ میں بھی کردار نبھائے ۔2006ء کے دوران مس سری لنکا کا تاج پہننے کا اعزاز پایا۔اسی سال اداکارہ لاس اینجلس کے مقابلہ حسن میں حصہ لینے گئیں تو انھیں بالی وڈ میں کام کرنے کی آفرز ہونے لگیں ۔جیکو لین نے 2009ء میں بالی وڈ فلم میں کام کرکے دھوم مچادی۔ 2010ء میں اسی فلم میں پرفارم کرنے پر انٹر نیشنل اندین فلم اکیڈمی ایوارڈ جیتا ۔کئی کمرشلز بھی بنائی گئیں جن میں جیکو لین نے مرکزی کردار نبھایا ان میں شاہد کپور کے ساتھ ایک کمرشل بہت مقبول ہوئی ۔ماڈلنگ کا سلسلہ بھارت میں بھی جاری رکھا گیا۔ فلم ''الہ دین'' میں اداکارہ نے رتیش دیش مکھ کے مدمقابل کردار نبھایا۔

 

اس کے بعد اداکارہ نے 2010ء میں فلم ''جانے کہاں سے آئے ہیں''میں تارا کا کردار بڑی خوبی سے نبھایا جسے فلمی ناقدین نے سراہا ۔اسی سال فلم ''ہائوس فل ''میں اداکارہ نے مختصر پرفارم کیا ۔اس فلم میں جیکو لین کی ایک آئٹم سانگ کیلیے پرفارمنس نے فلم کے اس حصے کو یادگار بنادیا۔2011ء میں اداکارہ جیکولین فرننڈس نے مہیش بھٹ کی تھرلر فلم ''مرڈرٹو''میں خوبصورت کردار نبھایا ان کی عمدہ پرفارمنس کے سبب یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ہوئی۔

اس کے بعد5 اپریل 2012ء کو ریلیز ہونے والی ہندی فلم ''ہائوس فل ٹو '' میں اہم کرداراداکیا ۔اس فلم میں اکشے اور آسن کے سا تھ جیکولین نے مرکزی کردار نبھایا۔ یہ فلم بھی باکس آفس پر راج کرتی رہی اور جیکولین کے کیرئیر کو چارچاند لگادیے۔ اب اداکارہ جیکولین کی نئی فلم ''ریس ٹو ''ریلیز کیلیے تیار ہے ۔بالی وڈ حلقوں کا کہنا ہے کہ اداکارہ جیکو لین فرننڈس کی اداکاری میں بہتری آئی ہے اور ان کی نئی فلم سے بجا طور پر بڑی توقعات وابستہ کی جاسکتی ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں