مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے پاس شکست تسلیم کرنے کے سوا اب کوئی چارا نہیں وزیراعظم

کشمیریوں کی تحریک آزادی اب تھمنے والی نہیں، وزیراعظم نواز شریف


ویب ڈیسک July 20, 2016
کشمیر کو کسی صورت بھارت کا داخلی مسئلہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا، نواز شریف. فوٹو؛ فائل

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز ظلم کے بعد بھارت کے پاس شکست تسلیم کرنے کے سوا اب کوئی چارا نہیں۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف ملک بھر میں آج یوم سوگ منایا گیا، ڈسٹرک بار لاہور کے اراکین بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج کیاجب کہ ملک کے دیگر شہروں میں بھی نہتے کشمیریوں پر بھارتی بربریت کے خلاف سیمینار منعقد کیے گئے اور احتجاج کیا گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: بھارتی مظالم کے خلاف آج پاکستان میں یوم سیاہ منایا جا رہا ہے

اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ بھارت نے قتل عام کر کے انسانیت مضطرب کر دی ہے، انسانیت کی تذلیل کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے کشمیر کے مسئلے پر خود اقوام متحدہ میں دستک دی اس لئے کشمیر کو کسی صورت بھارت کا داخلی مسئلہ تسلیم نہیں کیا جا سکتا، پاکستان کا کشمیریوں سے دیرینہ اور ہمہ گیر رشتہ ہے، اپنے کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، سفارتی سمیت ہر محاذ پر کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے۔

وزیراعظم نواز شریف نے سوال کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی اقوام متحدہ کا موضوع کیوں نہیں بنتی، بھارتی مظالم کے خلاف کشمیری پوری دنیا میں سراپا احتجاج ہے، انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی بھارتی جارحیت کے خلاف اقوام متحدہ میں آواز اٹھائیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا، کشمیریوں کی تحریک آزادی اب تھمنے والی نہیں اور بھارت کے پاس شکست تسلیم کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ نہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: عالمی برادری مسئلہ کشمیر کو وہاں کی عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرنے میں کردار ادا کرے، پاکستان

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں نہتے شہریوں کا قتل عام قابل مذمت ہے، بندوق کی نوک پرکشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا، بہادرکشمیری عوام کوسلام کرتے ہیں جنہوں نےآزادی کے لیے جام شہادت نوش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی پاکستانی مقبوضہ کشمیر کو بھلا نہیں سکتا، کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے، مسئلہ کشمیر کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کیے بغیر خطے میں امن بحال نہیں ہو سکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔