تحریک انصاف کا 7 اگست سے حکومت مخالف تحریک شروع کرنے کا اعلان

حکومت احتساب نہیں چاہتی اور اگر وزیراعظم کا احتساب نہیں ہوا تو کسی کا نہیں ہوگا، چیرمین تحریک انصاف عمران خان


ویب ڈیسک July 20, 2016
حکومت احتساب نہیں چاہتی اور اگر وزیراعظم کا احتساب نہیں ہوا تو کسی کا نہیں ہوگا، چیرمین تحریک انصاف عمران خان، فوٹو؛ ایکسپریس/ مدثر راجہ

تحریک انصاف نے پاناما لیکس کے معاملے پر 7 اگست سے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جب کہ عمران خان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا احتساب نہیں ہوا تو کسی کا نہیں ہوگا۔



اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے ٹی او آرز نہیں مانے گی کیوں کہ وہ احتساب نہیں چاہتی جب کہ نوازشریف نے ملک کے 4 قانون توڑے اس لیے وہ احتساب سے ڈرتے ہیں اور اگر وزیراعظم کا احتساب نہیں ہوا تو کسی کا نہیں ہوگا۔ انہوں نے 7 اگست سے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم کئی معاملات پر اپوزیشن کے ساتھ متفق ہیں، ملک میں حقیقی جمہوریت لانے کی جنگ لڑرہے ہیں اور وہ تب آئی گی جب لیڈرز جواب دہ ہوں گے کیوں کہ اصل جمہوریت میں وزیراعظم بھی جواب دیتے ہیں لیکن بادشاہت میں ایسا کچھ نہیں ہوتا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ متحدہ اپوزیشن کا پانامالیکس کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بل لانے کا فیصلہ



چیرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو نیب کے خلاف بھی بھرپور احتجاج کیا جائے گا جس میں ان سے پوچھا جائے گا کہ کس بنیاد پر اسحاق ڈار کو بری کیا گیا جب کہ نیب کی وجہ سے ہی ملک میں کرپشن میں اضافہ ہورہا ہے، کرپشن کی وجہ ملک میں غربت اور بے روزگاری بڑھتی جارہی ہے اور نیب صرف غریب لوگوں کو پکڑ رہی ہے وہ امیروں کے خلاف کارروائی نہیں کرتی۔



عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کی پچھلی حکومت گری تو لوگوں نے مٹھایاں بانٹیں جب کہ اب مارشل لا آتا ہے تو سب سے زیادہ تحریک انصاف ہی متاثر ہوگی کیونکہ میں نے 20 سال جدوجہد مارشل لا کے لیے نہیں کی۔ چیرمین پی ٹی آئی نے حکومت کے خلاف تحریک کے لیے کارکنوں سے فنڈز دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے گی جب کہ تحریک کے لیے تمام صوبوں میں کمیٹیاں بنیں گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔