موبی لنک نیٹ ورک کی توسیع کیلیے1 ارب ڈالر کا منصوبہ شروع

فرم کے سرپرست ادارے ومپل کام کے وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات، پراجیکٹ سے آگاہ کیا۔

فرم کے سرپرست ادارے ومپل کام کے وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات، پراجیکٹ سے آگاہ کیا۔ فوٹو: فائل

SUKKUR:
موبی لنک کے سرپرست ادارے ''ومپل کام'' کے وفد نے وزیر اعظم راجا پرویز اشرف سے ملاقات میں پاکستان میں موبی لنک نیٹ ورک کو وسعت دینے کیلیے مزید ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔

ٹیلی کام کمپنی موبی لنک کے بین الاقوامی سرپرست ادارے ومپل کام کے اعلیٰ عہدیداران کے ایک وفد نے جمعرات کو اسلام آباد میں وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کی، وفد کی سربراہی ومپل کام کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر جولنڈر کر رہے تھے جنہوں نے وزیر اعظم کو ومپل کام کی بین الاقوامی کاروباری سرگرمیوں اور منصوبوں سے متعلق تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ومپل کام کی عالمی ترقیاتی حکمت عملی میں پاکستانی مارکیٹ کو نمایاں اہمیت حاصل ہے۔ وزیر اعظم نے ومپل کام کے ترقیاتی نظریات پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے پاکستان میں سازگار کاروباری ماحول کے حوالے سے گفتگو کی۔


وفد نے وزیر اعظم کو بتایا کہ موبی لنک اب تک پاکستان میں 3.9 ارب ڈالر کی مجموعی سرمایہ کاری کر چکی ہے اور اس طرح پاکستان میں مواصلاتی صنعت کے استحکام کیلیے اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ وفد نے بتایا کہ موبی لنک کے ملک گیر مواصلاتی نیٹ ورک کو وسعت دینے کیلیے اب پاکستان میں مزید ایک ارب ڈالر کے سرمایہ کاری منصوبے کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

ومپل کام کے اس وفد میں ''اورسکام ٹیلی کام'' کے گروپ چیف ایگزیکٹو احمد ابو دوما اور ومپل کام کے شعبہ بین الاقوامی امور کے سربراہ رابرٹ کانوے کےعلاوہ موبی لنک کے پریزیڈنٹ اور چیف ایگزیکٹو آفیسر راشد خان بھی شامل تھے۔
Load Next Story