ایگزٹ وریگولرائزیشن اسکیمز سے فائدہ اٹھانے کی آج آخری تاریخ

ایس ای سی پی کا کمپنیوں کی سہولت کیلیے دفاتر رات 8 بجے تک کھلے رکھنے کا اعلان

ایس ای سی پی کا کمپنیوں کی سہولت کیلیے دفاتر رات 8 بجے تک کھلے رکھنے کا اعلان۔ فوٹو: فائل

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی ) نے متنبہ کیا ہے کہ کارپوریٹ سیکٹر کی سہولت کے لیے متعارف کرائی جانے والی ریگولرائزیشن اسکیم اور کمپنیز ایزی ایگزٹ اسکیم 30نومبر سے ختم ہو رہی ہیں۔

اب تک ان دونوں اسکیموں سے 3 ہزار کمپنیاں استفادہ کر چکی ہیں، جولائی میں متعارف کرائی جانے والی ان دونوں سہولتی اسکیموں کی آخری تاریخ 30 نومبر ہے تاہم کارپوریٹ سیکٹر کی سہولت کے لیے ایس ای سی پی کے ملک بھرمیں قائم تمام کمپنی رجسٹریشن دفاتر (سی آر اوز) 30نومبر بروز جمعہ رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے۔


علاوہ ازیں ایسی کمپنیاں جو 30 نومبر تک مطلوبہ اسکیم سے استفادہ کرنے کیلیے مقررہ فیس بینک میں جمع کرا دیں گی وہ بھی ہفتہ یکم دسمبر کو شام 4 بجے تک سی آر اوز میں مطلوبہ دستاویزات کیساتھ درخواست جمع کراسکیں گی۔

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ یکم دسمبر بروز ہفتہ کمپنیاں اپنے سالانہ گوشوارے بھی سی آر اوز میں جمع کرا سکتی ہیں۔ ایس ای سی پی کے مطابق دونوں اسکیموں کی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔
Load Next Story