واٹر بورڈ ریونیو ڈپارٹمنٹ کا کمپیوٹر سسٹم خراب بلوں کے اجرا میں مشکلات

صورتحال کے باعث مالی بحران کا شکار واٹربورڈ کا ریونیو روز بروز کم ہوتا جارہا ہے، ذرائع


Staff Reporter November 30, 2012
گذشتہ کئی روز سے بھی سسٹم بند پڑا ہوا ہے جس کے باعث ڈپلیکیٹ بل بھی جاری نہیں ہوپارہے. فوٹو: فائل

LONDON: کراچی واٹراینڈ سیوریج بورڈ کے ریونیو ڈپارٹمنٹ کا کمپیوٹر سسٹم تسلسل کے ساتھ خراب رہنے کے باعث صارفین کو بلوں کے اجرا میں شدید مشکلات پیدا ہورہی ہیں جس کے سبب مالی بحران کا شکار واٹربورڈ کا ریونیو روز بروز کم ہوتا جارہا ہے۔

باخبر ذرائع نے ایکسپریس کو بتایا ہے کہ واٹربورڈ نے صارفین کو بلوں کی چھپائی اور فراہمی کے عمل کی نجکاری کرتے ہوئے یہ سارا کام نجی ادارے کو دے رکھا ہے جس کے کمپیوٹر سسٹم میں آئے دن خرابی پیدا ہوتی رہتی ہے، گذشتہ کئی روز سے بھی سسٹم بند پڑا ہوا ہے جس کے باعث ڈپلیکیٹ بل بھی جاری نہیں ہوپارہے ہیں، جو شہری واٹربورڈ کے دفتر کے چکر لگاتے ہیں ان کو یہ کہہ کر واپس کردیا جاتا ہے کہ کمپیوٹر خراب ہونے کے باعث ہم بل فراہم نہیں کرسکتے۔

ذرائع نے بتایا کہ2006میں واٹربورڈ نے شہر میں ماہانہ بلوں کا نظام متعارف کرایا بل کی چھپائی اور ترسیل کا عمل نجی ادارے کے سپرد کردیا گیا ہے اور نجی ٹھیکیدار کو فی صارف 4 روپے کے حساب سے10لاکھ بل چھاپنے اور ترسیل کرنے کا ٹھیکہ دیا گیا ہے، اس سلسلے میں کیے جانے والے معاہدے کے تحت ٹھیکیدار واٹربورڈ کے کارساز آفس میں بھی اپنا پورا کمپیوٹرائزڈ سسٹم نصب کرنا تھاجس کے اخراجات بھی نہ صرف واٹربورڈ نے ادا کیے بلکہ معاہدے کے تحت کنٹریکٹ ختم ہونے کے بعد یہ سارا سسٹم کمپنی کو واپس کرنا تھا، ذرائع نے بتایا کہ5سال مکمل ہونے پر اس کام کا دوبارہ ٹھیکہ دیا گیا جبکہ رواں سال 17جولائی کو یہ ٹھیکہ ایک تیسری کمپنی کو دیدیا گیا تاہم معاہدے کے مطابق سابقہ ٹھیکیدار مکمل سسٹم بشمول تمام ڈیٹا اور ریکارڈ واپس نہیں کیا جس کے سبب نئے صارفین کے بل بھی پرنٹ نہیں ہوپارہے ہیں۔

جبکہ جو بل پرنٹ ہورہے ہیں اور میں غلطیوں کا تناسب غیر معمولی حد تک بڑھ گیا ہے جبکہ جس کمپنی کو یہ ٹھیکہ دیا گیا ہے اس کا سسٹم آئے دن خراب رہتا ہے، ذرائع نے بتایا کہ یہ محکمہ ویسے تو ریونیو ڈپارٹمنٹ کے ماتحت ہے تاہم اس میں استعمال ہونے والی کمپیوٹرائزیشن کی نگرانی آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کرتا ہے تاہم آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کی عدم دلچسپی کے باعث ادارے کے ریونیو ڈپارٹمنٹ کی کارکردگی بری طرح متاثر ہورہی ہے اور شدید مالی بحران کا شکار واٹربورڈ کا ریونیو روزبروز کم ہوتا جارہا ہے، واٹربورڈ کے افسران کو اس بات میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، خاص طور پر آئی ٹی ڈپارٹمنٹ تو انتہائی حد تک غفلت کا مظاہرہ کررہا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ اس شعبے کے سربراہ کی اس وقت تمام تر توجہ اگلے گریڈ میں ترقی پر مرکوز ہے اور وہ صبح وشام اسی کام میں مصروف رہتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں