فنکشنل لیگ اور سندھ بچائو کمیٹی کی اپیل پرآج ہڑتال ہوگی

تحریک انصاف، سنی تحریک اور دیگر سیاسی ومذہبی جماعتوں نے بھی حمایت کردی

فوٹو: ایکسپرس/فائل

حروں کے روحانی پیشوا اور مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا اور سندھ بچاؤ کمیٹی میں شامل سیاسی و قوم پرست جماعتوں کی اپیل پرآج( جمعہ )کو سندھ بھر میں ہڑتال کی جائے گی اور یوم سیاہ منایا جائے گا، مسلم لیگ (ن) ،تحریک انصاف، پاکستان سنی تحریک ،عوامی نیشنل پارٹی سمیت دیگر کئی سیاسی ، مذہبی اور قوم پرست جماعتوں نے اس ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔


جمعرات کو حیدر منزل پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ بچاؤ کمیٹی کے کنوینر سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی سندھ میں عورتوں کے خلاف نازیبارویہ اختیار کرکے غلط روایات ڈال رہی ہے، انھوں نے کہا کہ سندھ کو تقسیم کرنے والے نئے بلدیاتی نظام اور سندھ اسمبلی میں خواتین ارکان کے ساتھ ہونے والی بدتمیزی کے خلاف جمعہ کوکراچی سے کشمور تک مکمل ہڑتال ہوگی،عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پر امن ہڑتال میں اپنا کردار ادا کریں اور کاروبار کو بند رکھ کر سندھ کے مفاد میں یکجہتی کا ثبوت دیں۔

انھوں نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میں پیپلز پارٹی نے اپنے درخواست گزاروں کے ذریعے کالا باغ ڈیم کو دوبارہ ایشو بنانے کی کوشش کی ہے،علاوہ ازیں جمعیت علمائے اسلام ، سنی تحریک، پاکستان تحریک انصاف اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں نے آج ہونے والی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کیاہے۔
Load Next Story