سی پیک موجودہ صدی کا عظیم منصوبہ ہے صدر ممنون حسین

پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے، صدر مملکت


ویب ڈیسک July 21, 2016
پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے، صدر مملکت - فوٹو؛ فائل

صدرمملکت ممنون حسین کا کہنا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں امن وامان کی صورتحال میں بہتری آئی جب کہ پاک چین اقتصادی راہداری موجودہ صدی کا عظیم منصوبہ ہے جو پاکستان میں سرمایہ کاری اور ترقی کی نئی راہیں کھولے گا۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق اسلام آباد میں پاک یوایس بزنس فورم کے وفد سے بات کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ ملک میں سیاست کی بجائے معیشت کو فوقیت حاصل ہوگئی ہے اورعالمی اداروں نے پاکستان کی معاشی پالیسیوں اور ترقی کی رفتار کو سراہا ہے جب کہ بعض وسطی ایشیائی ممالک کو پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی اہمیت کا ادراک ہوگیا ہے اور انہوں نے اس کے ساتھ منسلک ہونے کے لیے اپنی دلچسپی ظاہر کی ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں امن وامان کی بہتر صورتحال ہوئی اور پاک چین اقتصادی راہداری موجودہ صدی کا عظیم منصوبہ ہے جس سے ملک میں نئی سرمایہ کاری آئے گی اور روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ابھرتی ہوئی منڈیوں کی کیٹیگری میں پاکستان کی شمولیت حکومت کی پالیسیوں اور پاکستان کی اقتصادی ترقی کی صلاحیت پر عالمی برادری کے اعتماد کا ثبوت ہے ۔

دوسری جانب نتھیا گلی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ عالمی برادری دہشت گردی اور انتہاپسندی کے مسئلے سے کامیابی کے ساتھ نمٹنے کی پاکستانی کی غیرمعمولی مہارت سے استفادہ حاصل کرسکتی ہے جب کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی پر یقین رکھتا ہے اور تمام ممالک بالخصوص ہمسایوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہشمند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے انتہاپسندی اور دہشت گردی کی وجہ سے بہت نقصان اٹھایا ہے اور یہ ناسور دنیا کے دیگر حصوں کو بھی متاثر کررہا ہے ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں