کراچی میں فائرنگ مہاجر قومی موومنٹ کے 3عہدیداروں سمیت 7افراد ہلاک

ملزمان پولیس کی وردی میں تھے، ترجمان مہاجر قومی موومنٹ، ڈی ایس پی کمال منگن کی تردید،زخمی کا ملزم کی نشاندہی سے گریز


Staff Reporter November 30, 2012
گلزار ہجری میں پریمی جوڑے کو گھات لگا کر مارا گیا، چاول گودام میں ڈاکوؤ ں نے مزاحمت پر مزدور کی جان لے لی۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے نائب چیئر مین ، 2عہدیداروں اور میاں بیوی سمیت 7 افراد ہلاک ایک زخمی ہو گیا۔

مہاجر قومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد نے کہا ہے کہ شہر کے9 ہزار افراد کو ٹارگٹ کلنگ کے نام پر قتل کیا جا چکا ہے۔ شرافی گوٹھ تھانے کی حدود مانسہرہ کالونی اٹک پیٹرول پمپ کے قریب موٹر سائیکل سوار ملزمان کی ٹیکسی نمبرJL2085 پر اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں48سالہ محمد ظفر قائم خانی ولد محمد حبیب قائم خانی،51سالہ علیم احمد خان ولد عبد الطیف خان ، 47سالہ عبد القادر جیلانی ولد عبدالسبحان جیلانی اور ٹیکسی ڈرائیور37 سالہ نیاز محمد ہلاک ہو گئے ۔

مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے ترجمان خالد حمید نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول ظفر قائم خانی نائب چیئر مین تھے ، مقتول علیم احمد خان مرکزی سیکریٹری اطلاعات جبکہ عبد القادر جیلانی 10سال قبل لانڈھی ٹاؤن کے ایڈمنسٹریٹر تھے ، مقتول ٹیکسی ڈرائیور نیاز محمد پٹیل پاڑہ کا رہائشی تھا جس کو اس کے بھتیجے اعجاز نے شناخت کیا۔ ترجمان نے بتایا کہ واقعے کے وقت وہ چیئر مین آفاق احمد سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ ڈیفنس جا رہے تھے۔

اپنی گاڑی اسٹارٹ نہ ہونے پر وہ علاقے سے ایک ٹیکسی میں بیٹھ گئے جیسے ہی ٹیکسی شرافی گوٹھ تھانے کے قریب پہنچی تو2 موٹر سائیکلوں پر سوار4ملزمان جو پولیس کی وردی میں تھے آئے اور ٹیکسی رکوا کر ڈرائیور کو اتار کر فائرنگ کر کے ہلاک کیا اور پھر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر مہاجر قومی موومنٹ کے چیئر مین آفاق احمد پولیس کی بکتر بند میں جبکہ کارکن بڑی تعداد میںجناح اسپتال پہنچ گئے ، آفاق احمد نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے مصلحت کا شکار ہیں، شہر کے9 ہزار افراد کو ٹارگٹ کلنگ کے نام پر قتل کیا جا چکا ہے ، قتل ہونے والے تمام افراد ہمارے اپنے تھے ۔

ڈی ایس پی کمال منگن نے بتایا کہ ملزمان پولیس کی وردی میں نہیں تھے انھوں نے بتایا کہ2موٹر سائیکلوں پر3ملزمان آئے تھے جس میں سے ایک ملزم خاکی رنگ کی پتلون اور بلو شرٹ پہنے ہوئے تھا جبکہ وہ پولیس کی کیپ لگائے ہوئے تھا۔ انھوں نے بتایا کہ پولیس نے جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے13خول حاصل کر لیے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ فائرنگ کے نتیجے میں ٹیکسی کے ونڈ اسکرین سمیت تمام شیشے ٹوٹ گئے۔ مقتولین کی لاشیں پولیس کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں جو پولیس کی حفاظت میں شیر پاؤ کالونی لے جائی گئیں ۔

سائٹ کے علاقے ون ڈی بس کے اسٹاپ کے قریب چاول گودام میں ملزمان کی فائرنگ سے62 سالہ اﷲ دتہ ولد رمضان زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے عباسی شہید اسپتال لایا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہو گیا ، پولیس کے مطابق مقتول چاول گودام میں لوڈنگ کا کام کرتا تھا جبکہ اسی گودام کی بالائی منزل پر دیگر ورکروں کے ساتھ رہائش پزیر تھا ، مقتول کا آبائی تعلق پنجاب کے علاقے لودھراں سے تھا ، واردات کے وقت3 سے 4 ملزمان آئے اور چاول گودام کے گیٹ پر زور زور سے دستک دینی شروع کر دی جس پر گودام میں موجود ایک محنت کش نے گیٹ کھول دیا مسلح ملزمان اسے دھکا دیتے ہوئے اندر داخل ہو گئے، اﷲ دتہ نے ایک ملزم کو پکڑ لیا جس پر اس کے ساتھی نے فائرنگ کر دی۔

سائٹ اے پولیس نے مقتول کے بھائی امام بخش کی مدعیت میں نامعلوم ملزمان کے خلاف ایف آئی آر نمبر650/12 درج کر کے لاش آبائی گاؤں لے جانے کے لیے اس کے حوالے کر دی جبکہ سچل تھانے کی حدود اسکیم 33 گلزار ہجری کنیز فاطمہ سوسائٹی روڈ پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے32 سالہ اقبال حسین ولد مختار حسین اور اس کی اہلیہ27 سالہ دلشاد فاطمہ ہلاک ہو گئی جن کی لاشیں پولیس کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال لائی گئیں۔

مقتول میاں بیوی ایف بی ایریا بلاک20 انچولی سوسائٹی ریلیکس اپارٹمنٹ کے رہائشی تھے مقتولین نے3 سال قبل محبت کی شادی کی تھی ، ڈیڑھ سال کا بچہ ہے ، مقتول اقبال حسین سچل کے علاقے صفورا گوٹھ رضویہ سوسائٹی کے قریب واقع کرن اسپتال میں جونیئر اسسٹنٹ تھا اور اسپتال کے استقبالیے پر فرائض انجام دیتا تھا جبکہ اس کی اہلیہ دلشاد فاطمہ لیب ٹیکنشین تھی واقعے کے وقت میاں بیوی اپنی کار میں اسپتال سے گھرجا رہے تھے کہ گھات لگائے ملزمان نے گھر کے سامنے فائرنگ کر دی ، جاں بحق ہونے والے میاں بیوی کی لاشیں پولیس کارروائی کے بعد غسل و کفن کے لیے انچولی امام بارگاہ لے جائی گئیں ، مقتولین کی تدفین جمعے کو کی جائے گی۔

گلستان جوہر کے علاقے حسین ہزارہ گوٹھ میں ملزمان کی فائرنگ سے برکت علی زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال لایا گیا پولیس کے مطابق زخمی فائرنگ کرنے والے ملزمان کو جانتا ہے تاہم اس کے گھر سے آنے والی خواتین نے ملزم کے بارے میں بتانے سے انکار کر دیا اور کسی کے خلاف پولیس کارروائی سے منع کر دیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں