کراچیشرپسندوں نے 4 گاڑیوں کو آگ لگادی 2 گرفتار

یونیورسٹی روڈ، صفورا گوٹھ، نارتھ ناظم آباد اور گلشن چورنگی پر مسلح افراد نے کاروبار بند کرادیا


Staff Reporter November 30, 2012
کراچی :جمعرات کی رات کو یونیورسٹی روڈ پر جلائی جانے والی بس سے آگ کے شعلے بلند ہورہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

جمعرات کی شب شہر کے مختلف علاقوں میں نامعلوم شرپسندوں نے 3 منی بسوں اور ایک کار کو نذر آتش کر دیا جبکہ نامعلوم مسلح افراد نے دکانیں و کاروبار بند کرا دیا، پولیس نے دکانیں بند کرانے والے 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق مبینہ ٹائون تھانے کی حدود یونیورسٹی روڈ محکمہ موسمیات کے قریب نامعلوم شرپسندوں نے روٹ نمبر G-7 کی منی بس نمبر PE-4179 میں سوار ہو کر اسلحے کے زور پر مسافروں کو زد وکوب کر کے اتار دیا اور بعدازاں منی بس کو نذر آتش کر کے فرار ہوگئے ، سچل تھانے کی حدود میں یونیورسٹی روڈ صفورہ گوٹھ کے قریب مسلح شرپسندوں نے روٹ نمبر G-17کی منی بس نمبر PE-2851 کو نذر آتش کر دیا اور شدید ہوائی فائرنگ کر کے علاقے کی دکانیں و کاروبار بند کرا دیا ، گلشن اقبال کے علاقے گلشن چورنگی کے قریب بھی شرپسندوں نے روٹ نمبر A-3 کی مزدا نمبر JE-0635 کو آگ لگا دی جبکہ تیموریہ کے علاقے نارتھ ناظم آباد بلاک N مدراس بیکری کے قریب بھی نامعلوم مسلح افراد نے کار کو آگ لگا دی۔

شہر کے مختلف علاقوں گلستان جوہر ، یونیورسٹی روڈ ، صفورا گوٹھ ، گلشن اقبال ، ملیر میمن گوٹھ ، لانڈھی ، کورنگی مہران ٹاؤن ، نیو کراچی ایوب گوٹھ ، پیپری ، سہراب گوٹھ ، گلشن حدید ، حسین ہزارہ گوٹھ اور ملیر بکرا پیڑی سمیت مختلف علاقوں میں مسلح افراد نے ہوائی فائرنگ کر کے دکانیں و کاروبار بند کرا دیا ،گلشن اقبال پولیس نے نیو دھوراجی کالونی میں زبردستی دکانیں و کاروبار بند کرانے والے 2 ملزمان علی اور خورشید کو گرفتار کرلیا جبکہ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مختلف علاقوں سے پولیس نے امن و امان کی صورتحال خراب کرنے والے 15 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا ۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں