اس دن کے منتظر ہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان وزیراعظم نوازشریف

کچھ لوگوں نے آزادکشمیر میں بھی پاکستان کی طرح منفی سیاست متعارف کرانے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہے، وزیراعظم


ویب ڈیسک July 22, 2016
جتنا میں پاکستانی ہوں اتنا ہی کشمیری بھی ہوں وزیراعظم کا مظفرآباد میں جلسے سے خطاب- فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو کوئی نہیں روک سکتا اور وہ کامیاب ہوکررہیں گے جب کہ ہم اس دن کے منتظر ہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان۔



مظفرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ جیسے ہی آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیابی کی اطلاع ملی تو میں نے کل ہی مظفرآباد جانے کا فیصلہ کیا تاکہ آپ سب کا شکریہ ادا کرسکوں، آپ لوگوں نے وہ کام کیا ہے جس کا کوئی تصور بھی نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ میں انتخابی مہم چلانے خود یہاں نہیں آسکا لیکن ان تمام ساتھیوں کا مشکور ہوں جنہوں نے انتخابی مہم بھرپور انداز میں چلائی جب کہ آزاد کشمیر والوں نے میرا دل خوش کردیا، سمجھ نہیں آرہا ان کا شکریہ کس طرح ادا کروں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ تیر چلا نہ بلا گھوما، آزاد کشمیر کا انتخابی میدان (ن) لیگ نے مار لیا



وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے کرم سے ہم پاکستان کے اندر ترقی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کررہے ہیں اور اس کی گواہی ہم نہیں بلکہ دنیا دے رہی ہے جب کہ پاکستان میں ترقی بڑی تیزی سے ہو رہی ہے تو وہیں ترقی اب آزاد کشمیر میں بھی نظر آئے گی اور یہاں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہونے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں موٹروے، ہائی وے اور سڑکوں کا جال بچھایا جائے گا جب کہ اسپتال، اسکول، یونیورسٹیاں بھی بنائی جائیں گی اور میں خود ان تمام کاموں کی نگرانی کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی کے اس موقع پر مقبوضہ کشمیر کے ان شہدا کو بھی یاد رکھنا چاہیے جنہوں نے قربانیاں دیں جب کہ ان کی تحریک آزادی کو کوئی نہیں روک سکتا اور وہ کامیاب ہوکررہیں گے، ہم اس دن کے منتظر ہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان۔

اس خبر کو بھی پڑھیں؛ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر نے انتخابی نتائج مسترد کر دیئے



وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں نے یہاں بھی پاکستان کی طرح منفی سیاست متعارف کروانے کی کوشش کی لیکن وہ اس میں ناکام رہے اور جو پاکستان کی گلیوں میں تحریک چلانے کا کہتے ہیں، ان کی تحریک کا اندازہ ان انتخابات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کیسی تحریک چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہے کہ ماضی قریب میں آپ کا واسطہ کرپشن اور نااہلی سے رہا اور یہ انتخابی نتائج اسی کے خلاف عوامی رد عمل ہے لیکن اب کرپشن کا دور ختم ہوگیا، ہر پروجیکٹ میں ایک ایک پائی کا حساب رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جتنا میں پاکستانی ہوں اتنا ہی کشمیری بھی ہوں اور جتنا کشمیری ہوں اتنا ہی پاکستانی ہوں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں