کعبہ کوغسل دیدیا گیا سیکیوریٹی کے سخت انتظامات

گورنرمکہ شہزادہ خالد الفیصل نے غسل دیا، پاکستانی سفیر اور رئوف صدیقی کی بھی شرکت


News Agencies November 30, 2012
گورنرمکہ شہزادہ خالد الفیصل نے غسل دیا، پاکستانی سفیر اور رئوف صدیقی کی بھی شرکت فوٹو : فائل

KARACHI: خادم الحرمین الشریفین شاہ عبد اللہ بن عبد العزیزکی نیابت کرتے ہوئے مکہ مکرمہ کے گورنرشہزادہ خالد الفیصل نے جمعرات کو خانہ کعبہ کو غسل دیا۔

سعودی شاہی خاندان کے ارکان، حرمین شریفین کی انتظامیہ کے صدرامام کعبہ ڈاکٹرعبد الرحمن السدیس'مکہ مکرمہ کے مئیرڈاکٹر اسامہ البار، پاکستانی سفیرمحمد نعیم خان، سندھ کے سابق وزیرتجارت رئوف صدیقی اور سعودی عرب میں مقیم اسلامی ممالک کے سفارتکار اور ممتاز شہریوں نے تقریب میںشرکت کی۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس موقع پرکعبہ کی اندرونی دیواروں کو عرق گلاب ، عود اوردیگر خوشبووں میں بھگوئے سفید کپڑے سے صاف کیاگیا جبکہ فرش پرآب زم زم اور عرق گلاب بہا کرکھجور کے پتوں اورخالی ہتھیلوں سے اسے صاف کیاگیا۔غسل کعبہ کی تقریب سعودی وقت کے مطابق صبح ساڑھے آٹھ بجے سے ساڑھے نو بجے تک ایک گھنٹہ جاری رہی۔غسل کعبہ کے بعد شرکا نے اس کے اندرونی حصے میں نوافل اداکیے بعد ازاں کعبہ کا طواف کیا اور مقام ابراہیم پرنوافل ادا کیے۔

کعبہ کو ہرسال دومرتبہ غسل دیا جاتا ہے۔پہلی مرتبہ حاجیوں کی واپسی مکمل ہونے کے بعد محرم کے مہینے میں جبکہ دوسری مرتبہ استقبال رمضان کے سلسلے میں شعبان میں کعبہ کوغسل دیا جاتا ہے۔ غلاف کعبہ ایک مرتبہ 9ذوالحجہ کو تبدیل کیا جاتا ہے۔ تقریب کے دوران کعبہ شریف کے چاروں جانب پیرا ملٹر ی فورسزاور سیکیوریٹی کے سخت انتظامات کیے گئے۔ دریں اثناخانہ کعبہ کے کلید بردار شیخ عبد القادر الشعیبی نے اپنی رہائش پر برنچ کا اہتمام کیا جس میں مہمانوں کوعربی کھانے پیش کیے گئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں