پاکستانی دستے کی شرکت پر پابندی کا خطرہ ٹل گیا

39ارکان گیمز میں شرکت کرینگے، ہاکی ٹیم پہنچ چکی ہے، دیگر ایتھلیٹ اور آفیشلزبدھ کو جائینگے


ایکسپریس July 23, 2012
حکومتی مداخلت کے باعث پاکستانی دستے پر لندن اولمپکس میں پابندی کا خدشہ تھا

لندن اولمپکس میں پاکستانی دستے کی شرکت پر پابندی کا خطرہ ٹل گیا، پاکستان اولمپکس ایسویسی ایشن کے سیکریٹری خالد محمود کا کہنا ہے کہ پاکستان کا 39رکنی دستہ میگا ایونٹ میں شرکت کرے گا۔

انھوں نے کہا کہ پاکستان اولمپکس ایسویسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عارف حسن لند ن میں موجود ہیں اور ان کی آئی او سی کے حکام سے اس سلسلے میں ملاقات ہوچکی ہے اورلیفٹیننٹ جنرل(ر) عارف حسن نے لندن سے تصدیق کی ہے کہ لندن اولمپکس میں پاکستان کی شرکت کو کوئی خطرہ نہیںہے، خالد محمودنے بتایا کہ لندن اولمپکس میں شرکت کے لیے پاکستان ہاکی ٹیم کے 18 کھلاڑی ،6 آفیشلز،سیکیورٹی آفیسرڈی آئی جی ٹریننگ سید عابد قادری سمیت دستے کے متعدد اراکین لندن پہنچ چکے ہیں جبکہ باقی کھلاڑی اور آفیشلز 25 جولائی کو لندن روانہ ہوں گے۔

دوسری جانب صدر پی او اے عارف حسن کا کہنا ہے کہ لندن اولمپکس میں پاکستان کی شرکت کو کوئی خطرہ نہیں ہے، ان کے مطابق رواں ماہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور ملک کی دیگر اسپورٹس فیڈریشنز کے درمیان مذاکرات میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ دونوں فریقین تنازعات اولمپکس کے بعد حل کرلیں گے، انھوں نے واضح کردیا کہ میگا اونٹ سے پاکستان کی بے دخلی کا کوئی امکان نہیں۔

پاکستان پر پابندی کا خدشہ حکومتی مداخلت کی وجہ سے ہوا تھا، حکومتی مداخلت اولمپک چارٹر کے خلاف ہے جس کی وجہ سے آئی او سی پابندی لگانے کا اختیار رکھتی ہے، دوسری جانب لندن اولمپکس کی تیاریوںکا آخری جائزہ لینے کے لیے انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس صدر جیک روگ کی سربراہی میں منعقد ہوا، اجلاس میں اوآئی سی کمشنر اور ڈائریکٹرز نے لندن اولمپک کی تیاریوں اور گیمز کے حوالے سے تازہ ترین رپورٹس پیش کیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں