رینجرز اختیارات کا معاملہ آصف زرداری نے 24 جولائی کو دبئی میں اجلاس طلب کرلیا

وزیراعلیٰ سندھ سے کور کمانڈر نے کراچی نےبھی ملاقات کی جس میں قائم علی شاہ نےرینجرز کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔


ویب ڈیسک July 22, 2016
وزیراعلیٰ سندھ سے کور کمانڈر نے کراچی نےبھی ملاقات کی جس میں قائم علی شاہ نےرینجرز کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کیا۔ فوٹو؛ فائل

سندھ میں رینجرز اختیارات کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری نے 24 جولائی کو دبئی میں اہم اجلاس طلب کرلیا جس میں رینجرز کے معاملے پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

یہ خبربھی پڑھیں: بلاول بھٹوزرداری کی رینجرزاختیارات کا معاملہ آئین وقانون کے مطابق حل کرنے کی ہدایت

پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے والد اور پارٹی کے شریک چیرمین آصف زرداری کے طلب کردہ اجلاس میں شرکت کے لیے دبئی روانہ ہوگئے ہیں جب کہ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ، وزیر خزانہ مرادعلی شاہ سمیت مشیر قانون اور وزیرداخلہ سندھ کل دبئی روانہ ہوں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے دبئی روانگی سے قبل وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کی جس میں وزیراعلیٰ نے انہیں کورکمانڈر کراچی سے ہونے والی ملاقات سے آگاہ کیا۔ جب کہ بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ کو رینجرز اختیارات کا معاملے پر اہم ہدایات دیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: چوہدری نثار کا ڈی جی رینجرز سندھ کو فون، رینجرز کو قانونی تحفظ دینے کی یقین دہانی

اس سے قبل وزیراعلیٰ ہاؤس میں سید قائم علی شاہ سے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے ملاقات کی جس میں نیشنل ایکشن پلان، ایپکس کمیٹی کے فیصلوں پرعملدرآمد سمیت رینجرزاختیارات پر بھی بات چیت ہوئی۔ وزیراعلیٰ اور کور کمانڈر کی ملاقات میں وزیر داخلہ سندھ سہیل انورسیال اور مشیر قانون مرتضٰی وہاب سمیت وزیرخزانہ مرادعلی شاہ نے بھی شرکت کی جس میں لاڑکانہ واقعہ بھی زیر بحث آیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: کراچی آپریشن؛ رینجرزنے اختیارات میں توسیع نہ ملنے پرآپریشن روک دیا

کور کمانڈر کراچی سے ملاقات میں وزیراعلیٰ سندھ نے رینجرز کو اپنی طاقت قرار دیا اور یقین دلایا کہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد رینجرز اختیارات کا معاملہ بھی خوش اسلوبی سے حل کرلیا جائے گا۔

اس موقع پر قائم علی شاہ نے کور کمانڈر کراچی سے رینجرزکی اندرون سندھ کارروائیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کو اختیارات کراچی میں جرائم ختم کرنے کے لیے دیئے گئے تھے لہٰذا اختیارات کا دائرہ بڑھانے کے لیے نئی قانون سازی کرنا پڑے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں