وسیم اختر کو میئر بنانے کا فیصلہ جھوٹے مقدمات سے تبدیل نہیں کرایا جاسکتا خالد مقبول صدیقی

ایم کیوایم نے وسیم اختر اور رؤف صدیقی کی گرفتاری کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔


ویب ڈیسک July 22, 2016
ایم کیوایم نے وسیم اختر اور رؤف صدیقی کی گرفتاری کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔فوٹو؛ ایکسپریس

متحدہ قومی موومنٹ كے مركزی رہنما خالد مقبول صدیقی نے كہا ہے كہ وسیم اختر اور رؤف صدیقی كو جیل كی دیواریں زیادہ عرصے قید نہیں ركھ سكتیں جب کہ وسیم اختر کو میئر بنانے کا فیصلہ ظلم و جبر اور جھوٹے مقدمات سے تبدیل نہیں ہوسکتا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: دہشت گردوں کی معاونت؛ وسیم اختر، رؤف صدیقی اور انیس قائم خانی گرفتار

کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وسیم اختر كو میئر كراچی قائد تحریك كے حكم پر نامزد كیا گیا تھا اور یہ فیصلہ كسی ظلم، جبر اور جھوٹے مقدمات كے اندراج سے تبدیل نہیں ہوسكتا، وسیم اختر اور رؤف صدیقی كو جیل كی دیواریں اتنے عرصے قید نہیں ركھ سكتیں، جلد انصاف نہیں ملا تو ہم اپنے فیصلوں كے لیے آزاد ہوں گے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم اعلیٰ عدالتوں میں جارہے ہیں اور انصاف سے اپنا آخری یقین اٹھنے تك انتظار كریں گے، انصاف نہ ملا تو شہر كی سڑكیں ہوں گی، اگر جبر كی زنجیرہمارے ہاتھوں ٹوٹی تو یہ پورا نظام لپیٹ دیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ انصاف كے حوالے سے پاكستان میں بڑے بڑے حادثہ ہوچكے ہیں، انصاف كو بار بار قتل كیا گیا ہے، جے آئی ٹی جس كی انصاف كے حوالے سے كوئی اوقات نہیں اس ملك میں ایك ایك كیس میں چار چار جے آئی ٹیز بنتی ہے اور بار بار تبدیل ہوتی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: وسیم اختر25 جولائی تک جسمانی ریمانڈ پرپولیس کے حوالے

رہنما ایم کیوایم کا کہنا تھا کہ وہ شخص جو اپنا ضمیر اور ایمان بیچ دے اس كا نام جے آئی ٹیز سے نكل جاتا ہے جس جے آئی ٹی كی یہ صورتحال ہو وہ انصاف كا خون ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ایم كیوایم كی طاقت یہ ہے كہ اسے جہاں سے دبایا وہ بڑھتی گئی اور ایم كیوایم ہر مرتبہ جبر كے شكنجے سے نكلی ہے تو مضبوط ہی ہوئی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔