چیف سلیکٹر انضمام انگلینڈ میں قومی ٹیم سے جڑگئے

ڈائریکٹر میڈیا عارف بھٹی لندن پہنچ گئے، دوسرے ٹیسٹ کے بعد آغااکبر کی واپسی یقینی


ڈائریکٹر میڈیا عارف بھٹی لندن پہنچ گئے، دوسرے ٹیسٹ کے بعد آغااکبر کی واپسی یقینی فوٹو: فائل

چیف سلیکٹر انضمام الحق نے انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو بطور آفیشل جوائن کر لیا، پی سی بی ڈائریکٹر میڈیا عارف بھٹی بھی گوروں کے دیس پہنچ گئے ہیں تاہم وہ گرین کیپس کے ساتھ بطور ٹیم منیجر ذمہ داریوں کا آغاز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ سے کریں گے، پہلے سے انگلینڈ میں موجود آغا اکبر دوسرے ٹیسٹ کے بعد وطن واپس آجائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورئہ انگلینڈ کے موقع پر پی سی بی عہدیداروں اور آفیشلزکے انگلینڈ جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق نے سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم کوبطور آفیشل جوائن کر لیا ہے جس کے بعد ان پر آنے والے تمام اخراجات کی ذمہ داری اب پی سی بی پر ہوگی، یاد رہے کہ انضمام الحق 8 جولائی کو انگلینڈ پہنچے تھے لیکن قومی ڈیوٹی انجام نہ دینے کی وجہ سے انھوں نے اپنے اخراجات خود برداشت کیے۔ جونیئر سلیکشن کمیٹی کے سربراہ باسط علی بھی اپنی فیملی کے ساتھ انگلینڈ میں موجود ہیں اور اپنے عزیزکے پاس ٹھہرے ہوئے ہیں۔

مزید معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا قومی ٹیم کے ساتھ ذمہ داریاں نبھانے کے لیے انگلینڈ پہنچ گئے ہیں تاہم وہ اپنی سرکاری ذمہ داریوں کا آغاز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ سے کریں گے،ذرائع کے مطابق ٹیم کو جوائن کرنے تک عارف بھٹی اپنے اخراجات خود برداشت کریں گے، ادھر آغا اکبر دوسرے ٹیسٹ کے اختتام پر وطن واپس آجائیں گے، ذرائع کے مطابق پی سی بی میں موجود مخصوص لابی نے پوری کوشش کی کہ آغا اکبر بدستور انگلینڈ میں ٹیم منیجر کی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں تاہم میڈیا کے معاملات بہتر انداز میں نہ چلاپانے سمیت متعدد وجوہات کی بنا پرانھیں وطن واپس بھیجا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں