لاہورمیں تھانیدارچوری کی گاڑی چلاتے ہوئے پکڑا گیا

معاملےکی چھان بین کررہےہیں جس کی تحقیقات مکمل ہونے پرقانونی کارروائی کی جائےگی، لاہور پولیس

ایس ایچ اوگلبرگ جمشید ورک نے ڈاکوؤں سے گاڑی برآمد ہونےکے بعد مال خانےمیں جمع نہیں کرائی، فوٹو: فائل

اینٹی کارلفٹنگ اسٹاف نے گلبرگ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کوچوری کی گاڑی چلاتے ہوئے پکڑ لیا۔

ایکسپریس نیوزکے مطابق لاہورپولیس کے اینٹی کارلفٹنگ اسٹاف کے اہلکاروں نے چوری کی کارکی موجودگی کی اطلاع پرایک ورک شاپ میں چھاپہ مارا۔ اہلکاروں نے جب گیراج کے مالک سے ایک مسروقہ گاڑی سے متعلق پوچھ گچھ کی تو اس نے بتایا کہ یہ گاڑی تو ایک تھانیدار کی ہے اور وہی اسے یہاں مرمت کے لیے چھوڑ گیا ہے۔


تفتیش سے معلوم ہوا کہ گلبرگ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ اوجمشید ورک نے کچھ عرصہ قبل ایک کارروائی کے دوران مسروقہ گاڑیاں اوردیگراشیا برآمد کی تھیں لیکن اس نے ایک گاڑی پولیس کے مال خانے میں جمع کرانے کے بجائے اپنے استعمال میں لے لی۔ اس کا بھانڈا اس وقت پھوٹا جب گاڑی خراب ہوئی اوروہ اسے لے کر مقامی میکنیک کے گیراج لے گیا جہاں پولیس نے چھاپہ مارا۔

ایس پی سی آراو عمر سلامت نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ تحقیقات مکمل ہونے پرقانونی کارروائی کی جائےگی۔
Load Next Story