امجد صابری قتل کیس کی گتھیاں سلجھنے لگیں اہم ملزم گرفتار

امجد صابری کے قتل کا سودا 2 لاکھ 30 ہزار میں طے کیا، گرفتار ملزم کا دوران تفتیش انکشاف

ملزم عمران صدیقی سرکاری ملازم ہے اور اس کی نشاندہی پر مزید 2 افراد کو حراست میں لیا گیا، ذرائع، فوٹو؛ فائل

ISLAMABAD:
امجد صابری قتل کیس میں پولیس نے اہم ملزم کو گرفتار کر لیا جس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ اس نے امجد صابری کے قتل کا سودا 2 لاکھ 30 ہزار روپے میں طے کیا اور واردات سے قبل 30 ہزار روپے ایڈوانس لیے تھے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پولیس نے حساس اداروں کے ساتھ مل کرقوال امجد صابری قتل کیس میں ملوث اہم ملزم عمران صدیقی کو گرفتا کرلیا، ملزم سرکاری ملازم ہے اور اس کے متعلق تمام معلومات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم عمران نے دوران تفتیش انتہائی اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے امجد صابری کے قتل کا سودا 2 لاکھ 30 ہزار میں طے کیا اور واردات سے ایک روز قبل 30 ہزارروپے ایڈوانس لیے تھے۔

ملزم نے بتایا کہ امجد صابری کو قتل کرنے کے بعد جب تمام ساتھی جائے واردات سے فرار ہوگئے تو مزید رقم کے لیے ساتھی سے رابطہ کیا لیکن اس کا نمبر مسلسل بند جارہا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں : امجد صابری قتل کیس میں اہم پیشرفت، سی ٹی ڈی کا 3 ملزمان گرفتار کرنے کا دعویٰ


ذرائع نے بتایا ہے کہ دوران تفتیش ملزم نے اپنے مزید 2 ساتھیوں کے بارے میں بھی بتایا جس کی بنیاد پردونوں افراد کو قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحویل میں لے کرتفتیش شروع کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق کیس میں شہر کے مختلف مقامات پر چھاپوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک متعدد افراد کو حراست میں لیا جاچکا ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: امجد صابری کو جس پستول سے قتل کیا گیا وہ کالعدم تنظیم کے کارندے استعمال کرتے ہیں، آئی جی سندھ

واضح رہے کہ 22 جون کو لیاقت آباد 10 نمبر پر انڈر پاس کے قریب موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے امجد صابری کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے تھے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: امجد صابری قتل کیس میں اہم پیش رفت، واردات میں استعمال ہونے والی موٹرسائیکل کا مالک گرفتار
Load Next Story