انٹر ٹیکس شنگھائی ہوم ٹیکسٹائل میں 9 پاکستانی فرمز شریک ہوں گی

بڑے تجارتی میلے میں 6 پاکستانی کمپنیاں ٹی ڈی اے پی کے بینر تلے جبکہ 3 براہ راست حصہ لیں گی

ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ 50 تاجر بھی شو میں شریک ہوں گے۔ فوٹو: فائل

میسے فرینکفرٹ کے تحت ایشیا کی اہم ترین 3 روزہ نمائش انٹر ٹیکس شنگھائی ہوم ٹیکسٹائل کا خزاں ایڈیشن24 اگست کو چین کے شہر شنگھائی کے نیشنل ایگزیبیشن اینڈ کنونشن سینٹر میں شروع ہورہا ہے جس میں ٹی ڈی اے پی کے علاوہ 9 پاکستانی کمپنیاں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

انٹر ٹیکس شنگھائی ہوم ٹیکسٹائل کپڑوں کی صنعت سے وابستہ افراد کے لیے ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جہاں نمائش کے لیے رکھی گئیں مصنوعات کو نہ صرف وہ خرید سکتے ہیں بلکہ آسان بناوٹ کی ان مصنوعات سے وہ نئے ڈیزائن کے لیے آئیڈیاز بھی لیتے ہیں۔ انٹرٹیکس شنگھائی ہوم ٹیکسٹائل کی 2015 میں ہونے والی نمائش میں 1402 نمائش کنندگان نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی تھی جبکہ ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ 42422 افراد اس میں شریک ہوئے تھے۔


انٹر ٹیکس شنگھائی ہوم ٹیکسٹائل 2016 میں 37422 مقامی صنعت کار اور 4625 غیر ملکی شریک ہوں گے جبکہ 1400 مقامی اور بین الاقوامی نمائش کنندگان کشن، تکیوں، تولیوں کے کپڑوں، قالین، رگز، پردوں کے لوازمات، ڈیجیٹل پرنٹنگ اور دیگر گھریلو ضروریات کی آئٹمز کی نمائش کریں گے۔

شو میں شرکا کے مسلسل اضافے کے باعث منتظمین نے نمائش کے انعقاد کیلیے دنیا کے سب سے بڑے پنڈال نیشنل ایگزی بیشن اینڈ کنونشن سینٹر کا انتخاب کیا ہے۔ اس بڑے تجارتی میلے میں 6 پاکستانی کمپنیاں ٹی ڈی اے پی کے بینر تلے جبکہ 3 براہ راست حصہ لیں گی۔ پاکستانی نمائش کنندگان میں باری ملز، ہارون کارپوریشن، حسن ٹیکسٹائل، کریسنٹ ٹیکسٹائل ملز، انٹرنیشنل ٹیکسٹائل اور ایم کے سنز جبکہ کارپٹ میں اویوا کارپٹس اور حنا ٹریڈنگ شامل ہیں۔ ٹیکسٹائل صنعت سے وابستہ 50 تاجر بھی شو میں شریک ہوں گے۔

 
Load Next Story