اولمپکس ریو کے بے گھر افراد سڑکوں پر نکل آئے

برطانوی ادارے نے احتجاج میں میوزک کے رنگ بھردیے، حکام کو متوجہ کرنے کی کوشش

برطانوی ادارے نے احتجاج میں میوزک کے رنگ بھردیے، حکام کو متوجہ کرنے کی کوشش۔ فوٹو: اے ایف پی

ISLAMABAD:
ریو میں اولمپکس سے قبل بے گھر افراد سڑکوں پر نکل آئے، انھوں نے اپنی آواز بلند کرنے کیلیے میوزک کا بھی سہارا لیا۔

اولمپک سٹی کے مرکز تھیٹر کے باہر انھوں نے گیت گاکر حکام کو اپنی جانب متوجہ کیا، احتجاج میں شریک 60 کے لگ بھگ افراد نے لائٹ بلوکلرز کی یکساں جرسیاں زیب تن کررکھی تھیں، ان میں سے کچھ افراد کو چھت نصیب ہے جبکہ بیشتر کھلے آسمان تلے روزوشب بسر کرنے پر مجبور ہیں، اس میوزیکل مظاہرے کا آغاز برطانوی این جی او اسٹریٹ وائز اوپیرا نے 2012 لندن میں بھی کیا تھا، جس کا عنوان ' ایک آواز ' قرار دیاگیا ہے، اس مرتبہ انھوں نے ریو کے بے گھر افراد کا مسئلہ اجاگر کیا۔


سٹی ہال کے مطابق شہر میں بے گھر افراد کی تعداد 5500 ہے، میوزیکل مظاہرے میں برازیلین سنگر ملٹن نیسمینٹو کا گیت ' مائی ہنٹر ' 58 سالہ ایلزیبتھ میگوئل نے پیش کیا، وہ رواں برس 27 مارچ سے بے گھر ہیں، اسٹریٹ وائز اوپیرا کے بانی میٹ پیکاک کا کہنا ہے کہ ہمارے اوپن ایئرکنسرٹ کا مقصد بے گھر افراد کو زندگی کی بنیادی ضروریات فراہم کیے جانے پر توجہ دلانا ہے، اسی سوچ کے ساتھ ہم نے لندن میں اس کا اہتمام کیا تھا اور اب ریو میں ایسا دوبارہ کیا ہے، ان لوگوں کی زندگی میں بے شمار پریشانیاں ہیں، لیکن ہم انھیں کچھ خوشی کے لمحات فراہم کرسکتے ہیں، جس سے انھیں جسمانی اور ذہنی طور پر بہتری ملے گی، مظاہرے میں شریک ایک اور موسیقار جورج الیگزینڈر جونیئر بھی جوش سے گاتے اور ڈانس کرتے دکھائی دیے۔

ریو اولمپکس کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ بیس بال میچ میں امریکا نے ارجنٹائن کیخلاف 111-74 پوائنٹس سے کامیابی حاصل کرلی، کیون ڈورینٹ نے سب سے زیادہ 23 پوائنٹس بنائے، امریکا لگاتار تیسرا اولمپک گولڈ میڈل جیتنے کے لیے فیورٹ خیال کیا جارہا ہے، اس مقابلے میں این بی اے اسٹارز لیبرن جیمز اور اسٹیفن کیورے شامل نہیں تھے، یہ پانچ نمائشی میچز کے سلسلے کا پہلا مقابلہ تھا، اگلے 11 یوم میں امریکی ٹیم دو بار چین کے مقابل آئے گی، وینزویلا اور نائیجیریا سے بھی ان کے میچز شیڈول ہیں ، واضح رہے کہ ریو اولمپکس گیمز میں بھی امریکا کا پہلا مقابلہ 6 اگست کو چین سے ہی ہوگا۔

ڈوپنگ اسکینڈل نے روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا اسپورٹس منصوبہ سبوتاژ کردیا، انھوں نے ملکی تشخص اور ذاتی وقار کیلیے ملکی کھیلوں کو فروغ دینے کا ارادہ کیا تھا، روس کی ریو گیمز میں شرکت کا فیصلہ اتوار کو متوقع ہے، جب آئی او سی سی ایگزیکٹیو بورڈ ٹیلی کانفرنس کے ذریعے ان پر پابندی پر غوروخوض کریگا، برازیل میں اولمپکس مقابلے 5 سے 21 اگست تک منعقد ہوں گے۔
Load Next Story