وزیراعظم کا لاہورمیں بجلی کی تار پانی میں گرنے سے 2 افراد کی ہلاکت کا نوٹس

مجرمانہ غفلت برتنےوالےذمہ داروں کی فوری نشاندہی کی جائے، وزیر اعظم نواز شریف

مجرمانہ غفلت برتنےوالےذمہ داروں کی فوری نشاندہی کی جائے،وزیر اعظم نواز شریف : فوٹو : فائل

وزیر اعظم نواز شریف نے لاہور میں بارش کے دوران بجلی کی تار ٹوٹنے اور کرنٹ لگنے سے خاتون سمیت 2 افراد کی ہلاکت پر شدید اظہار برہمی کیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے نشتر کالونی میں بارش کے باعث بجلی کی تاریں ٹوٹ کر سڑک پر موجود پانی میں جاگریں اور پانی میں کرنٹ پھیلنے کے باعث وہاں سے گزرنے والی خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔


واقعے کی خبر میڈیا میں نشر ہونے پر وزیراعظم نواز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے شدید برہمی کا اظہار کیا۔ ترجمان وزیر اعظم ہاؤس کے مطابق وزیر اعظم نوازشریف نے حکم دیا کہ مجرمانہ غفلت برتنے والے ذمہ داروں کے نام سامنے لائے جائیں اور ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ کرنٹ لگنے کا واقعہ بارش کے باعث پیش آیا اور بنیادی طور پر اس میں کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا جاسکتا جب کہ متعلقہ افراد نے واقعے کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر ٹوٹی تاروں کا ہٹا دیا ہے۔

 
Load Next Story