حکومت نےمذموم عزائم کی تکمیل کیلئے ایچ ای سی کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کوعہدے سے ہٹایا عمران خان

حکومت پہلے دن سے ہی ایچ ای سی کے کام میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے،اداروں کو ایک سازش کے تحت تباہ کیا جا رہا ہے،عمران خان


ویب ڈیسک November 30, 2012
ملک کے تمام اداروں کو ایک سازش کے تحت تباہ کیا جا رہا ہے،عمران خان۔ فوٹو: پی پی آئی/ فائل

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کے لئے ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر کو ان کے عہدے سے ہٹایا۔

عمران خان نے کہا کہ ملک کے تمام اداروں کو ایک سازش کے تحت تباہ کیا جا رہا ہے، حکومت پہلے دن سے ہی ایچ ای سی کے کام میں رکاوٹیں کھڑی کر رہی ہے اور اس دفعہ تو حکومت نے اپنے کرپشن کے عزائم کو پورا کرنے کے لئے اس ادارے پر کھلا وار کیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ایچ ای سی کا ادارہ ملک میں تعلیم کے فروغ کے لئے اہم کرداد ادا کر رہا ہے اور حکومت پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی تھی کہ وہ اس کی کارکردگی کو مزید بہتر بنائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سپریم کورٹ کے اپریل 2011 میں دیئے گئے فیصلے کی خلاف ورزی کی ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ ایچ ای سی آرڈیننس 2002 کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کسی بیوروکریٹ کو ادارے کا ایگزیکٹیو ڈائریکٹر منتخب نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ناک امر یہ ہے کہ حکومت نے ایک قابل اور اس عہدے کے اہل ٹیکنوکریٹ کو ہٹا کر گریڈ 22 کے بیوروکریٹ ریٹائرڈ میجر کو اس اہم عہدے پر فائز کیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ اب تک ایچ ای سی کی کارکردگی کرپشن سے پاک رہی ہے جس کی وجہ سے اس ادارے کوعالمی بینک سے بھی مالی معاونت فراہم کی گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں