سیکرٹری الیکشن کمیشن اشتیاق احمد کا کہنا ہے کہ کراچی میں نئی حلقہ بندیوں پر تمام جماعتوں نے اتفاق کیا جبکہ سپریم کورٹ کے بنچ کے زبانی احکامات کے حوالے سے ایم کیوایم کا مؤقف وزن دار تھا۔
کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اشتیاق احمد خان نے کہا کہ کراچی کے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت نہیں کریں گے تو آگے بڑھنا مشکل ہوجائے گا، نئی حلقہ بندیوں سے شہر کی صورتحال بہتر کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کو کراچی کی خراب صورت حال پر تشویش ہے۔
سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ ایم کیو ایم کے نمائندوں نے نئی حلقہ بندیوں کی مخالفت نہیں کی، ایم کیو ایم نے سپریم کورٹ کا حکم نامہ دکھانے کا مطالبہ کیا لیکن 5 رکنی بنچ کے حلقہ بندی پر زبانی احکامات ہیں، اس لئے اس حوالے سے ایم کیو ایم کا مؤقف وزن دار تھا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے جبکہ حکومت کی آئینی مدت اگلے سال 16 مارچ کو پوری ہوگی۔