حصص مارکیٹ کاروباری ہفتے کا نئے ریکارڈ پر اختتام پہلی بار 16600 کی حد عبور

16651 کی سطح آنے کے بعد منافع کیلیے فروخت،124 کی ابتدائی تیزی 47 پوائنٹس تک محدود، انڈیکس 16574 پر بند

51 فیصد شیئرز کی قیمتیں بڑھ گئیں، مارکیٹ سرمائے میں 3 کروڑ 28 لاکھ کا اضافہ،31 کروڑ 22 لاکھ حصص کے سودے۔ فوٹو: فائل

نئی مانیٹری پالیسی میں بنیادی شرح سودمزید کم ہونے کی توقعات، تقویمی سال کے اختتام پر بینکنگ سیکٹر کے بہترین مالیاتی نتائج کی امید پر ہونے والی شعبہ جاتی خریداری کے باعث کراچی اسٹاک ایکس چینج میں جمعہ کو بھی تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا۔

تیزی کے باعث 51.64 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں3 کروڑ28 لاکھ47 ہزار80 روپے کا اضافہ ہوا، ٹریڈنگ کے آغاز پربینکنگ، سیمنٹ اور فرٹیلائزر سیکٹر میں بڑھتی ہوئی خریداری سرگرمیوں کے سبب16600 کی حد بھی پہلی بار عبور ہوگئی اور ایک موقع پر124.56 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس16651 کی سطح پر آ گیا تھا۔




لیکن میوچل فنڈز اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے مجموعی طور پر 65 لاکھ48 ہزار317 ڈالر مالیت کے سرمائے کے انخلا اور پرافٹ ٹیکنگ کی وجہ سے تیزی کی شدت میں کمی ہوئی تاہم ٹریڈنگ کے دوران غیرملکیوں کی جانب سے85 ہزار 333 ڈالر، مقامی کمپنیوں کی جانب سے4 لاکھ40 لاکھ61 ہزار146 ڈالر، بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے19 لاکھ51 ہزار421 ڈالر، این بی ایف سیز کی جانب سے39 ہزار6 ڈالر اور انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے4 لاکھ11 ہزار411 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری نے مارکیٹ کو سہارا دیا جس کے نتیجے میں تیزی کا تسلسل قائم رہا۔



نتیجتاً کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 46.78 پوائنٹس اضافے 16573.86 اورکے ایس ای 30 انڈیکس 40.60 پوائنٹس بڑھ کر 13421.81ہوگیا جبکہ اس کے برعکس کے ایم آئی 30 انڈیکس59.56 پوائنٹس کی کمی سے 28516.64 ہوگیا، کاروباری حجم جمعرات کی نسبت22 فیصد زائد رہا اور مجموعی طور پر31 کروڑ22 لاکھ58 ہزار 676 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار364 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں150 کے بھائو میں اضافہ، 188 کے داموں میں کمی اور26 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔

Recommended Stories

Load Next Story