فیڈریشنز اسپورٹس کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں عارف حسن

سپریم کورٹ نے کسی کو بھی کھیلوں میں حصہ لینے سے نہیں روکا، صدر پی او اے

پی او اے ایونٹ کے انعقاد میں پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ انتظامی اور مالی امور میں بھر پور تعاون کرے گا، عارف حسن فوٹو: فائل

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر جنرل(ر) عارف حسن کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ نے کسی کو کھیلوں میں حصہ لینے سے نہیں روکا۔

امید کرتا ہوں کہ فیڈریشنز اور تمام متعلقہ ادارے اسپورٹس کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے، نیشنل گیمز مقررہ وقت پر لاہور میں ہی ہوں گے، کسی یونٹ کے نہ آنے سے انعقاد پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔اولمپک ہائوس میں لاہور اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن (لسجا) کے وفد سے خصوصی بات چیت میں انھوں نے کہا کہ نیشنل گیمز ملکی سطح کا سب سے بڑا اسپورٹس ایونٹ ہے،اس میں صوبوں اور محکمہ جاتی ٹیموں کے کھلاڑی شریک ہوتے ہیں۔

پی او اے ایونٹ کے انعقاد میں پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ انتظامی اور مالی امور میں بھر پور تعاون کرے گا تاکہ ملک میں کھیلوں کے کلچر کو پروان چڑھانے میں مدد ملے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن نے میگا ایونٹ کے انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل کرلیں اور اس ضمن میں بہت جلد تفصیلات کا اعلان کر دیا جائے گا۔




عارف حسن نے کہا کہ ابھی تک کسی یونٹ کی جانب سے کھیلوں میں حصہ نہ لینے کی تحریری اطلاع موصول نہیں ہوئی، اگر ایسا ہوا تو پھر قوانین کے مطابق جائرہ لے کر ہی اس کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا،البتہ مجھے امید ہے کہ ایسی نوبت نہیں آئے گی اور واپڈا، آرمی سمیت تمام یونٹس ایکشن میں نظر آئیں گے۔

انھوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں کسی کو کھیلوں میں حصہ لینے سے نہیں روکا لہذا میں امید کرتا ہوں کہ فیڈریشنز اور تمام متعلقہ ادارے اسپورٹس کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔ سید عارف حسن نے''لسجا'' کے نومنتخب صدر زاہد مقصود، جنرل سیکریٹری سہیل عمران اور خازن ثناء اللہ خان سمیت تمام عہدیداروں کو مبارکباد دی اور کھیلوں کے فروغ میں میڈیا کے کردار کو اہم قرار دیتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
Load Next Story