ٹی20 کرکٹ انٹرنیشنل میچز جیسے سیکیورٹی انتظامات

1 ہزار پولیس اہلکار تعینات، ٹیموں کو گرائونڈز لاتے وقت ایلیٹ فورس ہمراہ ہوگی۔

اسٹیڈیم کے اندر کسی کو بھی کھانے پینے کی اشیا، کیمرہ، بیگ وغیرہ لانے کی اجازت نہیں ہوگی، ڈی آئی جی آپریشنز رائے طاہر فوٹو: فائل

قومی ٹوئنٹی20 کرکٹ ٹورنامنٹ میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہونگے۔

ڈی آئی جی آپریشنز رائے طاہر نے ایس پی سیکیورٹی، ایس پی ماڈل ٹائون، پی سی بی کے سیکیورٹی انچارج اور جی ایم میڈیا کے ہمراہ قذافی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایونٹ کیلیے انٹرنیشنل مقابلوں جیسے انتظامات کیے جارہے ہیں، رائے طاہر نے کہا کہ میچز کے دوران ایک ہزار پولیس اہلکار خدمات انجام دینگے، کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلیے پولیس کی 3 ہزار نفری ریزرو میں موجود ہوگی، شائقین کو خصوصی اسٹیکرز جاری کیے جائینگے۔




ریڈ والے لبرٹی چوک جبکہ گرین کے حامل فیروز پور روڈ سے اسٹیڈیم کی طرف آئینگے،اسٹیڈیم کے اندر کسی کو بھی کھانے پینے کی اشیا، کیمرہ، بیگ وغیرہ لانے کی اجازت نہیں ہوگی،اندر لگائے گئے اسٹالز سے کھانے پینے کی اشیا خریدی جاسکیں گی، تمام انکلوژرز اور گرائونڈ کے چاروں طرف پولیس اہلکار تعینات ہونگے، ان کی نگرانی ایس پی سیکیورٹی اور ایس پی ماڈل ٹائون کرینگے ، ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کی سیکیورٹی کا معیار انٹرنیشنل مقابلوں جیسا ہوگا،کھلاڑیوں کے ہوٹلز میں بھی سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ٹیموں کو گرائونڈزمیں لاتے وقت ایلیٹ فورس کے اہلکار ہمراہ ہونگے۔انھوں نے کہا کہ ٹکٹ کے بغیر کسی بھی فرد کو اسٹیڈیم میں داخل نہیں ہونے دیا جائیگا، بچوں کیلیے شائقین کو الگ سے ٹکٹ خریدنا ہوگا۔ایک سوال پر ڈی آئی جی سیکیورٹی نے کہا کہ باغ جناح کے تمام دروازوں پر پولیس اہلکار موجود اور ٹکٹوں والے افراد کو اندر جانے کی اجازت ہوگی، شائقین گھاس پر بیٹھ کر میچ دیکھیں گے۔ رائے طاہر نے کہا کہ کوئی پولیس اہلکار یا افسر بھی اپنے عزیز رشتہ دارکو ٹکٹ کے بغیر اسٹیڈیم میں داخل نہیں کرا سکتا، خلاف ورزی کرنے والے کو نوکری سے ہاتھ دھونا پڑیں گے۔
Load Next Story