ریو گیمز روس کی مشکلات برقرار مزید کھلاڑیوں پر پابندی

5کشتی رانوں کو مقابلوں میں شرکت سے روک دیاگیا، 2 دن میں اولمپکس سے باہر کیے جانے والے روسی ایتھلیٹس کی تعداد 18 ہوگئی


Sports Desk/AFP July 27, 2016
5کشتی رانوں کو مقابلوں میں شرکت سے روک دیاگیا، 2 دن میں اولمپکس سے باہر کیے جانے والے روسی ایتھلیٹس کی تعداد 18 ہوگئی۔ فوٹو: فائل

ریو اولمپکس سے قبل روسی مشکلات کم ہونے کی بجائے بتدریج بڑھ رہی ہیں، سوئمنگ کی عالمی باڈی فینا نے گذشتہ دنوں7 تیراکوں پر پابندی عائد کی، گذشتہ روز5 کشتی رانوں کو بھی کینوئے فیڈریشن نے گیمز میں شرکت سے روک دیا، دوسری جانب روسی سوئمر یولیا ایفیمووا نے ریو گیمز میں شرکت پر عائد پابندی کیخلاف اپیل کرنے کا اعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کینوئنگ ورلڈ گورننگ باڈی نے روس کے 5کشتی رانوں کو ریو گیمز میں حصہ لینے سے روک دیا، ان میں اولمپک میڈلسٹ اور پانچ بار کے ورلڈ چیمپئن کورو ویشکوف بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ دنوں آئی او سی نے روس پر مکمل پابندی کے بجائے کھیلوں کی فیڈریشنز کو یہ اختیار دیا تھا کہ وہ اپنے طور پر صاف اور کلیئر روسی ایتھلیٹ کو گیمز میں شرکت کی اجازت دے سکتی ہیں، انٹرنیشنل کینوئے فیڈریشن ( آئی سی ایف ) کے سیکریٹری جنرل سیمون ٹولسون نے کہا کہ ہم اس بارے میں بالکل واضح ہیں کہ اگر آپ لائن سے باہر قدم رکھتے ہیں تو پھر نقطہ آغاز پر نہیں ہوسکتے،جس کے بعد گذشتہ دو دنوں میں ریو گیمز سے باہر کیے جانے والے روسی ایتھلیٹس کی تعداد اب تک 18 ہوگئی ہے، آئی سی ایف اعلامیے میں مزید کہا گیاکہ ہم نے نرم ایکشن لیتے ہوئے پانچ روسی کینوئے اسپرنٹ ایتھلیٹس کو ریو گیمز سے باہر کیا ہے۔

ان تمام کے نام میکلرین کی جاری کردہ رپورٹ میں ملنے والی اضافی معلومات کی روشنی میں سامنے آئے تھے، ہم نے تمام پانچوں کیسز میں مزید انکوائری ہونے تک انھیں فوری طور پر معطل کیا ہے، ان کشتی رانوں کے نام الینا انیوشینا، نٹالیا پوڈولسکیا، الیگزینڈر ڈائیچنکوف، آندرے کیرائٹور اور الیکسے کورو ویشکوف ہیں، اس میں سے کورو ویشکوف پانچ بار ورلڈ چیمپئن رہنے کے ساتھ چار برس قبل منعقدہ لندن اولمپکس میں برانز میڈل بھی پانے میں کامیاب رہے تھے، دوسری جانب روسی سوئمر یولیا ایفیمووا نے ریو گیمز میں شرکت پر عائد پابندی کیخلاف اپیل کرنے کا اعلان کردیا۔

اتوار کو آئی او سی کا فیصلہ آنے کے بعد سے اب تک مجموعی طور پر 18 روسی ایتھلیٹس کو مختلف کھیلوں کی باڈیز نے ریو گیمز سے باہر کیا ہے، جس میں 7 سوئمر، 5 کشتی راں، 2ویٹ لفٹرز، ایک ریسلر اور 3 سیلرز شامل ہیں، گذشتہ دنوں واڈا نے اپنی جاری کردہ تفصیلی رپورٹ میں یہ انکشاف کیا تھا کہ روس میں سرکاری سرپرستی میں ڈوپنگ کا نظام کام کرتا رہا ہے، 24 سالہ ایفیمووا چار بار کی ورلڈ بریسٹ اسٹروک چیمپئن رہی ہیں،میلڈونیم کے استعمال پر ان کیخلاف عبوری پابندی مئی میں فینا نے ختم کردی تھی، انھوں نے حالیہ پابندی فیصلے کیخلاف سی اے ایس میں اپیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں