سندھ کے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی ناراض پی پی رہنماؤں کو منانے کی کوشش

کراچی آپریشن اسی وقت کامیاب ہوگا جب سب ادارے اپنا کام خود کریں، مراد علی شاہ

کامیابی کے لئے اپوزیشن ہی نہیں سندھ کے ہرفرد کی حمایت درکارہے، نامزد وزیراعلیٰ سندھ. فوٹو: فائل

KARACHI:
سندھ کے نامزد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ ناراض پارٹی رہنماؤں کو منانے کے لئے سرگرم ہو گئے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ کوشش ہے کہ سب کے پاس خود چل کر جاؤں۔

کراچی میں ناراض پی پی رہنما مخدوم جمیل الزماں سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پرانے دوستوں سے مشاورت کرنے اور رہنمائی کے لئے آیا ہوں، کامیابی کے لئے اپوزیشن ہی نہیں سندھ کے ہرفرد کی حمایت درکارہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ پارٹی پالیسی کے مطابق خود چل کر سب کے پاس جاؤں جب کہ دیگر پارلیمانی پارٹیوں سے بھی ملاقات کروں گا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: مراد علی شاہ نئے وزیراعلیٰ سندھ نامزد


سندھ حکومت کہیں اور سے چلائے جانے سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ یہ محض قیاس آرائیاں ہیں، کوئی میرے مقابلے میں امیدوار لاتا ہے تو وہ سب جماعتوں کا آئینی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ رینجرز اختیارات کا معاملہ حل کرنے کی پارٹی قیادت نے ہدایات دے رکھی ہے تاہم کراچی آپریشن اسی وقت کامیاب ہوگا جب سب ادارے اپنا کام خود کریں، سویلین ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور فورسز اپنی ادا کریں۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ کی کابینہ میں نثار کھوڑو کو وزیر داخلہ یا وزیر خزانہ کا قلمدان سونپا جا سکتا ہے جب کہ تعلیم کا قلمدان شہلا رضا کو ملنے کا امکان ہے، اس کے علاوہ منظور وساں کو بھی دوبارہ سندھ کابینہ میں شامل کئے جانے کا امکان ہے۔

 
Load Next Story