شارع فیصل پرملزمان نے بینک سے49لاکھ 16ہزار روپے لوٹ لئے

واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج لیکر جانیوالے پولیس افسر پر موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ

پولیس نے بینک میں لگے سی سی فوٹیج کیمروں سے بننے والی فلم جس میں ملزمان کو واضح طور پر دکھایا ہے حاصل کر لی۔ فوٹو: فائل

شارع فیصل نرسری کے قریب نجی بینک کی برانچ سے5مسلح ملزمان49لاکھ 16ہزار روپے سے زائد لوٹ کر فرار ہو گئے ۔

پولیس نے ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کر لی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ نوید خواجہ بینک ڈکیتی میں ملوث ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج لے کر جا رہے کہ بلوچ کالونی ایکسپریس وے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے انکی گاڑی پر فائرنگ کر دی تاہم وہ محفوظ رہے، تفصیلات کے مطابق ٹیپو سلطان تھانے کی حدود شارع فیصل نرسری بلوچ کالونی پل کے قریب واقع نجی بینک سے 5ملزمان سیکیورٹی گارڈ ، عملے اور کھاتے داروں کو یر غمال بنا کر کیش کائونٹر اور اسٹارنگ روم سے49لاکھ16ہزار روپے سے زائد کی رقم لے کر فرار ہو گئے۔

 


واقعے کی اطلاع ملنے پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن ایسٹ نوید خواجہ پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور بینک کے اندر موجود تمام افراد کو ایک جگہ پر کھڑا کر کے پولیس افسران کی مدد سے ان کے بیانات لیے جبکہ موقع سے شواہد بھی جمع کیے ، پولیس کے مطابق بینک میں5 ملزمان 3بجکر19منٹ میں داخل ہوئے اور نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ رمیض اور اس کے ساتھی سے پستول اور رپیٹر چھین کر بینک ملازمین اور کھاتے داروں کو یرغمال بنا کر بینک کے کیشن کاؤنٹر اور اسٹارنگ روم سے2 تھیلوں میں ڈال کر 4 سے 5 منٹ میں واردات کر کے فرار ہو گئے ۔

ملزمان موٹر سائیکل پر آئے تھے جبکہ بینک کے باہر موجود عینی شاہدین نے ایک کار کا بھی ذکر کیا جبکہ2ملزمان کی بینک کے باہر موجودگی کے بارے میں بھی بتایا گیا ہے ، پولیس نے بینک میں لگے سی سی فوٹیج کیمروں سے بننے والی فلم جس میں ملزمان کو واضح طور پر دکھایا ہے حاصل کر لی۔

پولیس ذرائع کے مطابق ایس ایس پی انویسٹی گیشن نوید خواجہ ملزمان کی سی سی فوٹیج سے بننے والی فلم اپنے ساتھ لے کر جا رہے تھے کہ بلوچ کالونی تھانے کی حدود ایکسپریس وے پر بلوچ کالونی پل سے پہلے نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے ان کی کار پر فائرنگ کر دی تاہم ایس ایس پی کے ڈرائیور نے سائیڈ مار کر ایک موٹر سائیکل سوار اور اس کے ساتھی کو گرا دیا جس پر وہ موٹر سائیکل اور ٹی ٹی پستول چھوڑ کر ہو گئے، پولیس نے ملزمان کے موٹر سائیکل اور ٹی ٹی پستول قبضے میں لے لی۔
Load Next Story