آج ایڈز سے بچائو کا عالمی دن منایا جارہا ہے

بین الاقوامی برادری ایڈز کی روک تھام اورعلاج کیلیے پسماندہ ممالک کی مدد کریں، صدر زرداری

حکومت کے تعاون سے 637 ملین کا منصوبہ 2014تک جاری رہیگا، متاثرہ ماں سے بچے کو بچانے کیلیے محفوظ زچگیاںکرائی گئیں، ڈاکٹر قمر فوٹو: فائل

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج ہفتہ یکم دسمبرکوایڈز کا عالمی دن منا یا جائے گا۔

اس دن کے منانے کا مقصد لوگوں میں ایڈز جیسے موذی مرض سے بچائو کے حوالے سے آگاہی فراہم کرنا ہے،اس موقعے کی مناسبت سے صدرآصف زرداری نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ علم و مہارت کے تبادلے سے ایڈز کی مہلک بیماری کے خطرات کم کرنے میں ترقی پذیر اور پسماندہ ممالک کی مدد کرے۔

ملک بھر میں مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں مقررین اور طبی ماہرین ایڈز کی وجوہات اور اس کے اسباب، ایڈز سے متاثرہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی ، اور اس سے بچائو کے متعلق مختلف امور پرتفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔ایڈز کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدرآصف علی زرداری نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ ایڈز کی روک تھام اور علاج بالخصوص دور افتادہ علاقوں کے عوام تک پہنچانے اور انھیں صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں حکومتوں کی معاونت کرے۔




صدر نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایڈز کے وائرس (ایچ آئی وی) کی روک تھام اور علاج کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں اور وہ اس چیلنج سے نمٹنے پر توجہ مرکوز رکھیں گی، آج ملک بھر میں مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام سیمینارز، کانفرنسز، مباحثے اور کئی پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا جن میں مقررین اور طبی ماہرین ایڈز کی وجوہات اور اس کے اسباب، ایڈز سے متاثرہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی ، اور اس سے بچائو کے متعلق مختلف امور پرتفصیل سے روشنی ڈالیں گے۔

پاکستان میں ایڈز کے مرض کی صورتحال انتہائی گھمبیر ہے، ڈاکٹروں کے مطابق ملک میں ایڈز پھلینے کی بڑی وجہ دور دراز علاقوں میں اب بھی استعمال شدہ سرنج کا دوبارہ استعمال ہے۔ معاشرے میں جنسی تعلیم کے فقدان اور بے راہ روی کی وجہ سے بھی ایڈز کا مرض پیدا ہوتا ہے۔
Load Next Story