انڈونیشیا میں ذوالفقار علی کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا گیا

ذوالفقارعلی کے کیس پر نظر ثانی کی درخواست منظور کرلی گئی ہے، انڈونیشیا میں پاکستانی سفیر کی تصدیق


ویب ڈیسک July 29, 2016
ذوالفقارعلی کے کیس پر نظر ثانی کی درخواست منظور کرلی گئی ہے، انڈونیشیا میں پاکستانی سفیر کی تصدیق، فوٹو؛ فائل

انڈونیشیا میں منشیات کے جھوٹے الزام میں پھنسائے جانے والے پاکستانی شہری ذوالفقار علی کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا گیا جب کہ حکومت نے کیس پر نظر ثانی کی درخواست منظور کرلی۔

انڈونیشیا میں پاکستانی سفیر عاقل ندیم نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ انڈونیشین حکومت نے ذوالفقار علی کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا ہے اور اس حوالے سے سرکاری حکام ہمیں تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں خوشی ہے کہ ذوالفقار علی کی جان بچ گئی، اس پر پورے پاکستان کو مبارکباد دیتا ہوں۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ اب کیس کے اگلے مرحلے کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے جس کے لیے صبح اٹارنی جنرل کے آفس سے رابطہ کیا جائے گا اور کیس کے حوالے سے مزید تفصیلات اکٹھی کی جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی کے اہل خانہ اور اہلیہ سے پوچھا جائے کہ پاکستانی سفارتخانے نے کیس کے حوالے سے کتنی کوششیں کیں۔



دوسری جانب انڈونیشیا میں ذوالفقار علی کے خاندان کے ہمراہ سزائے موت کی جگہ پر موجود ان کے دوست جمیل نے ایکسپریس نیوزسے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انڈونیشین حکومت نے ذوالفقار علی کی سزائے موت پر عملدرآمد روک دیا ہے جب کہ کیس پر نظر ثانی کی اپیل کو منظور کرلیا گیا ہے۔ ذوالفقار علی کے دوست نے بتایا کہ آج 14 میں سے صرف 4 افراد کو سزائے موت دی گئی جن کی لاشیں ان کے ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب ذوالفقار علی سے ملاقات پیر کے روز ہوگی اور اسی روز بتایا جائے گا کہ کیس پر نظر ثانی کب کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی کے کیس میں پاکستانی سفارتخانے نے ہماری کوئی خاص مدد نہیں کی، جیل میں سفارتخانے کا کوئی اہلکار موجود نہیں تھا وہاں صرف ذوالفقار کے اہل خانہ موجود تھے۔



ادھر سزائے موت روکے جانے کی خبر آتے ہی ذوالفقار علی کے گھر میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اوراہل خانہ خوشی سے نہال ہوگئے، اہل خانہ نے ایک دوسرے کو گلے لگا کر مبارکباد دی۔ ذوالفقار علی کے اہلخانہ نے کیس پر خصوصی کوریج کرنے پر ایکسپریس نیوز کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور مبارکباد دی کیونکہ ایکسپریس نیوز نے ہماری آواز اٹھائی اور اسی بدولت یہ خوشخبری ملی۔ لاہور کے مال روڈ پر ذوالفقار علی کے حق میں احتجاج کرنے والے افراد نے بھی اس خبر پر جشن منایا اور مٹھائیاں تقسیم کیں۔



انڈونیشیا سے بذریعہ ٹیلی فون ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ذوالفقار علی کی والدہ نے ایکسپریس نیوز کا شکریہ ادا کیا جب کہ ان کا کہنا تھا کہ ہم بہت پریشان تھے اور امیدیں ختم ہوگئی تھیں لیکن اللہ نے بہت کرم کیا۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی ذوالفقار سے کوئی ملاقات نہیں ہوئی، بعد میں ملاقات کرانے کا کہا گیا ہے، ابھی صرف سزا روکنے کی خبر سنی ہے۔ انڈونیشیا میں موجود ذوالفقار علی کی اہلیہ نے بھی ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو میں شکریہ ادا کیا۔

واضح رہے کہ ذوالفقار علی لاہورکا رہائشی ہے جو 15 سال قبل روزگار کے لئے انڈونیشیا گیا تھا جہاں اس کی دوستی بھارتی شہری گردیپ سنگھ کے ساتھ ہوئی جس نے اسے ہیروئن اسمگلنگ کے مقدمے میں پھنسا دیا اور الزام لگایا کہ میرے ساتھ ہیروئن اسمگلنگ میں ذوالفقار بھی ملوث ہے جس کے بعد دونوں کو سزائے موت سنا دی گئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |