کالا باغ ڈیم کی تعمیر پرصوبے متفق نہیںفردوس عاشق اعوان

ایسے منصوبے نہیں بننے چاہئیں جن سے ملکی سالمیت خطرے میں پڑجائے،میڈیا سے گفتگو

ایفی ڈرین کیمیکل کاکوٹا اینٹی نارکوٹکس کے پاس ہے، ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی قائم کردی گئی۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر نیشنل ریگولیشن اینڈ سروسزڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر پرصوبے متفق نہیں ہیں۔

اس لیے ایسے منصوبے نہیں بننے چاہئیں جن سے ملکی سالمیت خطرے میں پڑجائے، ملک میں پہلی مرتبہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی بھی قائم کردی گئی جودوائوں کی مانیٹرنگ، لائسنسنگ وقیمتوں کا تعین سمیت دیگرامورخود طے کرے گی،ایفی ڈرین کیمیکل کاکوٹا الاٹ کرنے کا اختیار وزارت صحت کے پاس نہیں رہا اب یہ کوٹا اینٹی نارکوٹکس فورس کے ڈائریکٹرجنرل الاٹ کررہے ہیں جس کی وجہ سے ایفی ڈرین کیمیکل سے تیار ہونے والی دوائوں کی قلت پیدا ہورہی ہے۔




وہ جمعے کوکراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر میڈیاسے بات چیت کررہی تھیں۔انھوں نے کہا کہ کسی بھی کمپنی کو دوائوں کی قیمتیں بڑھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی اس حوالے سے پالیسی کا تعین کیا جارہا ہے۔

آئندہ سال کے پہلے ماہ میں ملک میں دوائوں کی جانچ پڑتال کے لیے عالمی معیارکی جدید لیبارٹری قائم کی جائے گی،جعلی دوائیں پینے کے سبب ہلاکتوں کے سب سے زیادہ واقعات پنجاب میں ہوئے۔



انھوں نے کہا کہ ہڑتالیں مسائل کا حل نہیں اگرچند مفاد پرست قوم پرست بن کرسیاست کررہے ہیں تو وہ سن لیں کہ پہلے پاکستان پرستی ہے بعد میں قوم پرستی کی جانی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ پنجاب میںکھانسی کے شربت پینے سے ہونے والی ہلاکتوں کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں،ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق اب تک یہ ثابت نہیں ہوا ہے کہ یہ ہلاکتیں دوا پینے کے باعث ہوئی ہیں تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔
Load Next Story