سہراب گوٹھ پولیس کا سرچ آپریشنمزید2افراد گرفتار

تعداد9 ہوگئی، گرفتار شدگان میں حاجی جنت گل کے پوتے سمیت دیگر رشتے دار شامل


ایکسپریس July 23, 2012
تعداد9 ہوگئی، گرفتار شدگان میں حاجی جنت گل کے پوتے سمیت دیگر رشتے دار شامل۔ فائل فوٹو

سہراب گوٹھ میں ہفتہ کو فائرنگ سے5افراد کی ہلاکت کے بعد پولیس نے رات بھر سرچ آپریشن کرکے مزید2افراد کو گرفتار کرلیا جس کے بعد مجموعی تعداد9ہوگئی، پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار شدگان میں حاجی جنت گل کے پوتے سمیت دیگر قریبی رشتے دار بھی شامل ہیں۔

دوسری جانب مقتولین میں سے 3افراد کی نماز جنازہ گذشتہ روز الآصف اسکوائر کے سامنے سپر ہائی وے پر ادا کی گئی، اس موقع پر سپر ہائی وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا جس سے گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، تفصیلات کے مطابق سہراب گوٹھ کے علاقے جونیجو کالونی میں یونین اور قصابوں کے درمیان رقم کے تنازع پر شروع ہونے والی ہنگامہ آرائی5 افراد کی ہلاکتوں پر متنج ہوئی، مقتولین میں سے ایک شخص کی نماز جنازہ اتوار کو بعد نماز عصر الآصف اسکوائر کے عقب میں واقع مچھر کالونی میں ادا کی گئی جبکہ دوسرے کے بارے میں پولیس کا کہنا ہے کہ وہ ایوب گوٹھ کا رہائشی تھا جس کی نماز جنازہ مقامی مسجد میں ادا کردی گئی۔

ہلاک ہونے والے 3 افراد شاہ فیصل، شاہ رسول اور مرزا کی نماز جنازہ اتوار کی دوپہر سہراب گوٹھ پر الآصف اسکوائر کے سامنے ادا کی گئی، اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کیلیے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات تھی، نماز جنازہ کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے، نماز جنازہ کے شرکا سے مقتولین کے لواحقین اور پاسبان کے رہنما الطاف شکور اور دیگر نے بھی خطاب کیا، بعدازاں مقتولین کو سہراب گوٹھ میں واقع انڈس قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں