عراق جنگ میں جاں بحق مسلم امریکی فوجی کے والد کی ٹرمپ پر شدید تنقید

ٹرمپ مسلسل مسلمانوں کی کردار کشی کررہے ہیں اگر وہ امریکی صدر ہوتے تو ہم یہاں نہیں ہوتے، پاکستانی نژاد امریکی خضر خان

ٹرمپ مسلسل مسلمانوں کی کردار کشی کررہے ہیں اگر وہ امریکی صدر ہوتے تو ہم یہاں نہیں ہوتے، پاکستانی نژاد امریکی خضر خان

RAWALPINDI:
عراق میں انتہا پسند تنظیم داعش سے لڑائی میں جاں بحق ہونے والے پاکستانی نژاد امریکی فوجی ہمایوں خان کے والد خضرخان نے اپنی تقریر میں امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کے اقلیتوں سے متعلق بیانات پر شدید تنقید کرتے ہوئے امریکی عوام سے ہیلری کلنٹن کے ہاتھ مضبوط کرنے کی اپیل کی ہے۔

جون 2004 میں بعقوبہ عراق میں کیپٹن ہمایوں خان نے فوجی مرکز کی طرف تیزی سے آتی کار کو روکنے کی کوشش کی لیکن اس کوشش کے دوران کار میں رکھا 200 پاؤنڈ وزنی بم پھٹ گیا جس کے نتیجے میں 27 سالہ کیپٹن ہمایوں خان جاں بحق ہوگئے تھے۔



اس خبر کو بھی پڑھیں: صدربنا توبا حجاب خواتین کو نوکریوں سے نکال دوں گا، ٹرمپ کی ہرزہ سرائی

ہمایوں خان کے والد خضر خان نے اپنی تقریر میں کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ آرلنگٹن قبرستان جاکر دیکھیں کہ اس ملک کے لیے ہر اقلیتی قوم اور ہر مذہب کے لوگوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں لیکن ٹرمپ نے اس ملک کے لیے کوئی قربانی نہیں دی اور نہ ہی کسی کے لیے کوئی ایثار کیا۔ اس دوران خضر خان نے اپنی جیب سے امریکی آئین کی کاپی نکال کر بھی دکھائی۔ اس کے علاوہ امریکا کی تعمیر میں اقلیتوں اور نقل مکانی کرنے والے افراد کے کردار کو بھی بیان کیا۔


خضر خان نے کہا کہ اگرڈونلڈ ٹرمپ کی تجویز کو مانتے ہوئے اقلیتوں پر امریکا کے دروازے بند کردیئے جاتے تو ان کا بیٹا امریکی فوج میں شامل نہیں ہوتا۔ امریکی آئین کو لہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں یہ آئین بخوشی آپ کو دے سکتا ہوں تاکہ ٹرمپ اسے دیکھیں کہ اس دستاویز میں آزادی اور قانون کےتحت سب کے یکساں تحفظ کی بات کی گئی ہے۔



خضر خان کا کہنا تھا کہ اگر ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کے صدر ہوتے تو آج ہم یہاں نہیں ہوتے، ٹرمپ مسلسل مسلمانوں کی کردار کشی کررہے ہیں، وہ اقلیتوں، خواتین، ججوں یہاں تک کہ اپنے پارٹی رہنماؤں کی تذلیل کرتے ہیں جب کہ وہ ہمیں اس ملک سے باز رکھنے کے لیے دیوار بنا رہے ہیں۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: امریکا میں مسلمانوں کی امیگریشن پرپابندی لگادی جائے، ٹرمپ

دوسری جانب ڈیموکریٹک جماعت کے نائب صدر کےامیدوار نے خضر خان کی تقریر کو سراہتے ہوئے اسے ایک پرزور گفتگو کہا جس نے ہر سننے والے کو متاثر کیا۔

Load Next Story