سرفراز نے ڈراپ کیچز کا ملبہ انگلش گراؤنڈز پر ڈال دیا

تیز ہوا بھی گیند کا رخ موڑ دیتی ہے، ہمارے فیلڈرز کنڈیشنز کے عادی نہیں، قومی وکٹ کیپر


Sports Desk July 30, 2016
تیز ہوا بھی گیند کا رخ موڑ دیتی ہے، ہمارے فیلڈرز کنڈیشنز کے عادی نہیں، قومی وکٹ کیپر. فوٹو: فائل

لاہور: سرفراز احمد نے ڈراپ کیچز کا ملبہ انگلش گرائونڈز پر ڈال دیا، وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا ہے کہ تیز ہوا بھی گیند کا رخ موڑ دیتی ہے، ہمارے فیلڈرز کنڈیشنز کے عادی نہیں،اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں اپنی غلطیوں کا احساس ہے، مسائل پر قابو پانے کیلیے کام کررہے ہیں، تیسرے ٹیسٹ میں کم بیک کرینگے۔

تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں سرفراز احمد نے ڈراپ کیچز کی بڑی وجہ انگلینڈ میں گراؤنڈز کی ڈھلوانی سطح کو قرار دیا، انھوں نے کہاکہ میدانوں میں چلنے والی تیز ہوا بھی گیند کا رخ موڑ دیتی ہے جسکی وجہ سے مشکل پیش آتی ہے، انھوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کا دباؤ اپنی جگہ مگر کنڈیشنز مختلف ہوں تو مسائل میں اضافہ ہوجاتا ہے، اولڈ ٹریفورڈ ٹیسٹ میں فیلڈنگ سمیت اپنی غلطیوں کا احساس ہے، کوئی بھی ٹیم پہلی اننگز میں 600 کے قریب مجموعہ حاصل کرلے تو حریف پر دبائو بڑھ جاتا ہے، ہمارے بولرز میزبان بیٹنگ لائن کو محدود نہیں کرسکے،دوسرے جانب بیٹسمین بھی بہتر مزاحمت کرسکتے تھے لیکن حکمت عملی کارگر نہیں ہوئی۔

سرفراز نے کہا کہ ایجبسٹن میں نیا میچ اور چیلنج ہوگا، ہماری ٹیم میں کم بیک کی صلاحیت موجود ہے، ہمیں ایسے پلیئرز کی خدمات بھی حاصل ہیں جو ماضی میں بھی دباؤ کے باوجود بہتر کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہو چکے، یونس خان نہ صرف فٹنس میں دوسروں کیلیے مثال بلکہ مشکل حالات میں ثابت قدمی کے حوالے سے بھی پہچان رکھتے ہیں۔

امید ہے کہ ایک بار پھر وہ ٹیم کیلیے کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہیں گے، اسی طرح مصباح ، اظہر اور اسد نے بھی کئی میچز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، انھوں نے کہا کہ تیسرے ٹیسٹ میں ابھی وقت باقی ہے، تبدیلیوں اور اپنی خامیوں کو دور کرنے کے معاملات پر غور کررہے ہیں، امید ہے کہ میزبان ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کرینگے۔ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ سابق کرکٹرز کا وسیع تجربہ اور ملک کیلیے بڑی خدمات ہیں، ہمیں ان کی تنقید کا بُرا منانے کے بجائے کارکردگی میں بہتری لانے کیلیے دی جانے والی تجاویز پر عمل کرنا چاہیے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں