توہین عدالت قانون اور وزیراعظم کیخلاف کیسز کی سماعت آج ہوگی

اسٹیل ملز کیس میں مشیرداخلہ کے خلاف توہین عدالت مقدمہ،خانیوال میںخاتون سنگسار کیس بھی آج سنا جائے گا


ایکسپریس July 23, 2012
اسٹیل ملز کیس میں مشیرداخلہ کے خلاف توہین عدالت مقدمہ،خانیوال میںخاتون سنگسار کیس بھی آج سنا جائے گا۔ فوٹو ایکسپریس

سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ آج پیر کو توہین عدالت کے نئے قانون کیخلاف دائر آئینی درخواستوں کی سماعت کریگا ۔ بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس میاں شاکراللہ جان، جسٹس تصدق جیلانی ، جسٹس جواد ایس خواجہ اور جسٹس خلجی عارف شامل ہیں ، سپریم کورٹ نے تمام فریقین کوپہلے ہی نوٹس جاری کیے ہیں۔

توہین عدالت قانون 2012 کیخلاف 26 الگ الگ آئینی درخواستیں دائرکی گئیں ہیں ، انفرادی درخواستوں کے علاوہ مختلف وکلاء تنظیموں نے بھی قانون کو چیلنج کیاہے جن میں لاہورہائیکورٹ باراورسندھ بارکونسل بھی شامل ہے۔ دریں اثناء چیف جسٹس کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ وزیراعظم راجا پرویز اشرف کیخلاف دائر توہین عدالت کی درخواست کی سماعت بھی آج پیر کو کرے گا۔

درخواست گزار محمود اختر نقوی نامی شخص نے موقف اختیار کیا ہے کہ دہری شہریت کا معاملہ عدالت میں زیرسماعت ہونے کے باوجود پارلیمنٹ میں بل پیش کرنا عدالتی کارروائی کو متاثر کرنا ہے، درخواست گزار نے وزیراعظم ، وزیر قانون ، سیکریٹری قانون اور دیگر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی استدعا کی ہے۔ مذکورہ بینچ آج مشیر داخلہ رحمن ملک کیخلاف توہین عدالت کا مقدمہ بھی سنے گا، رحمن ملک پر اسٹیل ملز کیس میں عدالتی کارروائی پر اثرانداز ہونے کا الزام ہے۔

چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ خانیوال میں خاتون کی سنگساری کے واقعے پر لیے گئے ازخود نوٹس کی بھی سماعت کریگا، سپریم کورٹ نے سماعت کے موقع پرآئی جی پنجاب کو طلب کررکھاہے، وہ اپنی رپورٹ عدالت میں پیش کریں گے، فاضل بینچ کل منگل کو بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ اور ایفی ڈرین کوٹہ کیس جبکہ جمعرات کو چیچو کی ملیاں اور نندی پور پاور پروجیکٹس کی تنصیب میں تاخیرکیخلاف ن لیگ کے خواجہ آصف کی دائر درخواست کی سماعت کریگا۔

جسٹس آصف کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس امیر ہانی مسلم ، جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس اعجاز چوہدری اورجسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل لارجربینچ بدھ کواین آر او عملدر آمد کیس کی سماعت کریگا۔ اسلام آبادہائیکورٹ کے 2 سنگل اور ایک ڈویژن بینچ بھی آج سے شروع ہونیوالے عدالتی ہفتے کے دوران مختلف مقدمات کی سماعت کرینگے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |