اسنیپ چیٹ کا نیا فیچر اب یوزراپنی تصاویرمحفوظ اورتلاش کرسکیں گے

’’میموریز‘‘ کا متعارف کیا جانا ایپلی کیشن کی مقبولیت کا باعث بنے گا

’’میموریز‘‘ کا متعارف کیا جانا ایپلی کیشن کی مقبولیت کا باعث بنے گا۔ فوٹو: فائل

اسنیپ چیٹ نے اپنے استعمال کنندگان کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس نئے فیچر کا نام ''میموریز'' ہے۔ اس فیچر کے ذریعے اسنیپ چیٹ کے یوزرز اپنی تصاویر محفوظ کرسکیں گے اور اس سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم پر شیئر کی جانے والی اپنی پرانی تصاویر سرچ کرسکیں گے۔

اسنیپ چیٹ کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس نے یہ قدم یوزرز کی جانب سے کیے جانے والے مطالبے کے بعد اٹھایا ہے اور نیا فیچر دھیرے دھیرے تمام یوزرز کے لیے دست یاب ہوگا۔ اس طرح کی سہولت سوشل میڈیا کی دنیا کی دیگر سائٹس جیسے گوگل فوٹوز اور فیس بک کے صارفین کو میسر ہیں، تاہم اسنیپ چیٹ نے بہت تاخیر کے بعد اس نوعیت کا فیچر اپنے استعمال کنندگان کے لیے متعارف کرایا ہے۔

سوشل میڈیا کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اس فیچر کا متعارف کرانا اسنیپ چیٹ کے لیے بہت اہمیت کا حامل ہے جس کے نتیجے میں اس پلیٹ فارم کی مقبولیت میں اضافہ ہوگا۔ ان ماہرین کا کہنا ہے کہ ''میموریز'' کے نام سے متعارف کردہ اس فیچر کے نتیجے میں اس پلیٹ فارم کے صارفین کا اس سے تعلق تواتر کے ساتھ جاری رہے گا، ساتھ ہی اسنیپ چیٹ کو نئے صارفین کی بڑی تعداد بھی ملے گی۔


سوشل میڈیا کے ماہرین کہتے ہیں کہ یہ فیصلہ اسنیپ چیٹ کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوگا۔ سب سے اہم بات یہ ہے کہ نئے فیچر کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا کی دنیا کی مقبول ایپلی کیشن اسنیپ چیٹ کے استعمال کنندگان اس ایپ پر زیادہ سے زیادہ وقت گزاریں گے، جس کے نتیجے میں اسنیپ چیٹ ڈیجیٹل دنیا میں گوگل اور فیس بک کے ایک مضبوط مدمقابل کے طور پر سامنے آئے گی اور اسے زبردست مالی فوائد حاصل ہوں گے۔

اس نئے فیچر کے ذریعے اسنیپ چیٹ کو حاصل ہونے والے فوائد اپنی جگہ، تاہم اس فیچر سے اسنیپ چیٹ کے استعمال کنندگان اپنی تصویریں محفوظ کرکے اور ماضی کی تصاویر سرچ کرنے کے بعد اپنے سامنے لاکر ماضی کی حسین یادوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

واضح رہے کہ اسنیپ چیٹ ایک ایسا سوشل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم ہے جو تصاویر اور وڈیوز سامنے آنے کے کچھ دیر بعد غائب ہوجانے کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔ جب ان تصاویر اور وڈیوز کو دیکھ لیا جائے تو انھیں پلیٹ فارم سے صاف کردیا جاتا ہے۔
Load Next Story