قانون نافذ کرنے والے ادارے جرائم پیشہ افراد کا ہرجگہ پیچھا کریں گے مرادعلی شاہ

پروٹوکول کا شوقین نہیں لیکن سیکیورٹی ضروری ہے،وزیراعلیٰ سندھ


ویب ڈیسک July 31, 2016
ہمارے پاس وسائل ہیں لیکن چیلنجز بھی بہت زیادہ ہیں، مراد علی شاہ فوٹو: فائل

وزیر اعلٰی سندھ سید مراد علی شاہ کہتے ہیں کہ سندھ میں جہاں بھی جرائم پیشہ افراد ہوں گے ان کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائی کریں گے۔

گڑھی خدا بخش میں کارکنوں سے خطاب اورمیڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ وہ اس منصب پر پہچنے پراللہ تعالیٰ کا شکرادا کرتے ہیں، وہ متحدہ قومی موومنٹ کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ان کے مقابلے میں کوئی امیدوار نہیں کھڑا کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ انہوں نے بے نظیربھٹو سے عوام کی خدمت کا سبق سیکھا ہے ، پیپلزپارٹی کی حکومت اپنے شہید رہنماؤں کےاصولوں پرچلے گی، پاکستان پیپلزپارٹی کا ایک ہی مقصد ہےوہ ہےعوام کی خدمت ، ہمارے پاس وسائل بہت ہیں اورحکومت کو چیلنجز بھی کئی درپیش ہیں اورہم ہرمسئلہ حل کریں گے، ہمیں عوام کی خدمت کے لیے جوعرصہ ملا ہے اس میں کچھ کردکھائیں گے، لوگوں کوبہت جلد فرق نظراٴئے گا ۔ ایوان کے اندراورباہر تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔

امن و امان کی صورت حال اور رینجرزکے اختیارات پر مراد علی شاہ نے کہا کہ حکومت کی اولین ذمے داری امن و امان کا قیام ہے، پورے سندھ میں امن وامان کی صورت حال بہت بہترہے، رینجرزکے اختیارات کا معاملہ جلد حل ہوجائے گا، جرائم پیشہ افراد کے مقابلے کے لئے پولیس کو تیار کریں گے۔ جرائم پیشہ افراد جہاں بھی ہوں گے قانون نافذ کرنے والے ادارے کارروائی کریں گے ، صوبے کا ایک ایک شہری دہشت گردی کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑا ہو جائے گا ہم اس ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔

وزیر اعلی سندھ نے کہا کہ صوبے میں کرپشن کا ناسور 1947 سے ہے لیکن ہمارا صوبہ کسی سے زیادہ کرپٹ نہیں ہے، کرپٹ عناصر کے خلاف سخت کارروآئی کی جائے گی، ہم گڑھے مردے نہیں اکھاڑیں گے،ہماری کوشش ہوگی کہ آئندہ کرپشن نہ ہو۔

اپنے ہمراہ سیکیورٹی اہلکاروں اورپروٹوکول پرمراد علی شاہ نے کہا کہ جب وہ گورنرہاؤس گئے تھے اس وقت 18 وزیرتھے، آج ان کے ساتھ 14 وزیر ہیں۔ وہ پروٹوکول کے بالکل بھی حامی نہیں لیکن سیکیورٹی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ہونے کی حیثیت سے تمام محکمے سب سے پہلے ان کے ماتحت آتے ہیں اور صوبائی وزیر ان کے بازو ہیں جن سے وہ رہنمائی حاصل کریں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں